لیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران125 ملزمان پکڑے گئے

151

لاہور۔4دسمبر (اے پی پی):وزارت توانائی کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 125 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،

تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے65 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ2 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔پکڑے جانے والے کنکشنز میں 4 کمرشل اور 121 ڈومیسٹک تھے۔تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو ایک لاکھ تئیس ہزار ایک سو یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت اکاون لاکھ باون ہزارچار سو اٹھاسی روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔

ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈیٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔بھاٹی گیٹ کے علاقے میں کنکشن کو 24000 یونٹس ڈٹیکشن بل عائد کیا گیا،بھاٹی گیٹ کے علاقہ میں کنکشن ہی کو7605 یونٹس ڈٹیکشن بل عائد کیا گیا،چاہ میراں کے علاقے میں کنکشن کو7605 یونٹس ڈٹیکشن بل عائد کیا گیا جبکہ داتا نگر کے علاقے میں کنکشن کو7000 یونٹس ڈٹیکشن بل عائد کیا گیا۔86 روز سے جاری آپریشن کے دوران کل32505 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے32122 ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں جمع کروائی گئیں، 31128 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر15420 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔

بجلی چوروں کو اب تک پانچ کروڑسنتالیس لاکھ اکتالیس ہزار سات سو اٹھائیس یونٹس چارج کئے گئے ہیں،جن کی مالیت دو ارب چودہ کروڑ چونسٹھ لاکھ اٹھارہ ہزار دو سوننانوے روپے ہے۔واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وزارت توانائی کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور لیسکوچیف بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔لیسکو چیف کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔

آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔