اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے ڈائریکٹر ایس کیو ایم ایس اور ایئرپورٹ منیجر کی زیر صدارت علامہ اقبال بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ماحولیاتی کنٹرول کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عید الاضحیٰ کے دوران پروازوں کی حفاظت اور صفائی کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سال پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے اکثر واقعات ہوائی اڈے کے باہر پیش آئے ہیں، جس کے پیش نظر مقامی حکام کے ساتھ بہتر ہم آہنگی اور نگرانی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی آلائشیں اور اوجڑیاں کھلے مقامات پر پھینکنے سے پرندے بالخصوص چیلیں راغب ہوتی ہیں، جس سے جہازوں سے پرندوں کے ٹکرانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس لیے مقامی اداروں کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے قربانی کے بعد متاثرہ علاقوں اور دیگر حساس مقامات کو فوری صاف کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ بھی طے پایا کہ ہوائی اڈے سے متصل آبادیوں میں پرندوں کے گھونسلے ہٹانے سے پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے خطرات کو 30 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں لیزر لائٹس کے واقعات پر بھی بات چیت ہوئی، جہاں اسٹیک ہولڈرز نے ایوی ایشن سیفٹی کو لاحق خطرات کو کم کرنے کے لیے متاثرہ علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے اختیارات کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی عید الاضحیٰ سے متعلق صفائی اور لیزر لائٹس کے خطرات کے بارے میں آگاہی وڈیوز تیار کرے گی
جو شہر بھر میں پبلک اسکرینز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کنٹونمنٹ اور ضلعی حکام کے تعاون سے نشر کی جائیں گی۔ آئیے، عید الاضحیٰ پر اپنے آسمانوں کو محفوظ بنانے میں تعاون کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602167