ماضی کی حکومت نے بلوچستان کو بری طرح نظر انداز کیا ، موجودہ حکومت بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے اور یکساں ترقی کے مواقع پر یقین رکھتی ہے ، مولانا عبدالواسع

99
جمعیت علماءاسلام کے صوبائی امیر وفاقی وزیر ہاو سنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع

کوئٹہ۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر ہاؤسنگ و ورکس اور جے یو آئی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواسع وزارت کا حلف لینے کے بعد جمعہ کو پہلی بار کوئٹہ پہنچ گئے، کوئٹہ ائیرپورٹ پر جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں اور کارکنوں نے وفاقی وزیر ہاؤسنگ کا شاندار استقبال کیا اور انھیں گلدستے پیش کیے، بعد ازاں انھیں جلوس کی شکل میں رہائش گاہ لایا گیا۔

وفاقی وزیر ہاؤسنگ و ورکس اور جے یو آئی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواسع نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بلوچستان کے دیرینہ معاشی و سیاسی مسائل کے حل کے لیے تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر اقدامات تجویز کرینگے، ماضی کی حکومت نے بلوچستان کو بری طرح نظر انداز کیا مگر موجودہ حکومت بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے اور یکساں ترقی کے مواقع کی فراہمی پر یقین رکھتی ہےاور آنے والے بجٹ میں صوبے کے مختلف علاقوں کے لیے اہم منصوبے شامل کیے جائیں گے ۔