اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنی کرپشن چھپانے کیلئے اقامے لئے اور آف شور کمپنیاں بنائیں، انہوں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا اور نوجوانوں کو متحرک نہیں کیا، موجودہ حکومت عوام کو جوابدہ ہے اور ہر سال عوام کو اپنی کارکردگی اور اہداف سے آگاہ کرتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو آگے آنے کا بھرپور موقع دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل یوتھ کونسل ورکشاپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کا بیڑا غرق کیا گیاجس کے بارے میں زبان زد عام باتیں ہیں، تین دفعہ کے وزیراعظم کے بچے بیرون ملک اقامہ اور نیشنلٹی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غضب کی بات ہے کہ ملک کا وزیراعظم ، وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ دوسرے ملک میں چپڑاسی اور چوکیدار ہوتا ہے، اقامہ اور آف شور کمپنیوں کیلئے وہ یہ سب کچھ کرتے ہیں، اگر کرپشن میں ملوث ٹاپ ٹین لیڈروں کے نام دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کو لوٹنے والے کون تھے، کس نے مک مکا کیا،
انہوں نے ہمارے ملک کا بیڑا غرق کیا، نوجوانوں کو متحرک نہیں کیا، وہ ووٹ ڈالنے کیلئے بھی نہیں نکلتے تھے لیکن 2013 اور 2018 میں نوجوان باہر نکلے ، نوجوانوں نے ملک کو گالیاں دینے کی بجائے اس کا حصہ بن کر نظام تبدیل کرنے کا عزم کیا، گدی نشین پارٹیوں کے خلاف ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کو اس ایوان تک پہنچایا ہے، پہلی شفاف اور قابل احتساب حکومت وجود میں آئی ہے جو عوام کے سامنے جوابدہ ہے اور ہر سال عوام کو اپنی کارکردگی اور اہداف سے آگاہ کرتی ہے، 1947 اور 2018 کے نوجوانوں کو سلام ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کو نظر انداز کیا گیا، 18ویں ترمیم میں نوجوانوں کے امور صوبوں کے حوالے کر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے نیشنل یوتھ کونسل قائم کی ، وزیراعظم عمران خان اس کونسل کے پیٹرن انچیف ہیں، نیشنل یوتھ کونسل بنانے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ڈونرز بھی کامیاب جوان پروگرام میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ایک لمبی فہرست ہے جو سیاست میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں،
وزیراعظم نے نوجوانوں کو آگے آنے کا بھرپور موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کا یہ دوسرا گروپ ہے جو پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے ، حکومت کی یہ کوشش ہے کہ نوجوانوں کی آواز کو مرکز تک پہنچایا جائے ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے قانون سازی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہم نوجوانوں کی بہتری کا بل پارلیمنٹ سے پاس کرائیں گے ،
کامیاب نوجوان پروگرام کا مقصد ہی یوتھ کو ایک برابری کے ساتھ آگے لانا ہے ، خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور سندھ کے پسماندہ علاقے کے نوجوانوں کو سماجی و معاشی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں، ٹرانس جینڈر اور خواتین کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرض فراہمی کے مساوی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان گرین موومنٹ میں اہم کردار ادا کریں گے، مجھے نیشنل یوتھ کونسل پر فخر ہے، ان نوجوانوں میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا جذبہ موجود ہے