محکمہ جنگلی حیات کے زیر اہتمام ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر سفاری زو میں مختلف تقریبات کاانعقاد

109
Maryam Aurangzeb

لاہور۔22اپریل (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف مدثر ریاض ملک کے خصوصی احکامات پر محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے زیراہتمام مختلف وائلڈلائف پارکس اور چڑیا گھروں میں ورلڈ ارتھ ڈے کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیاگیا

،جس میں اس دن کی مناسبت سے لوگوں میں شعور و آگہی اجاگر کی گئی۔تفصیل کے مطابق محکمہ کے زیراہتمام ورلڈ ارتھ ڈے کے حوالے سے مختلف پارکس اور چڑیا گھروں میں تقاریب منعقد کی گئیں۔سفاری زو رائیونڈ لاہور میں محکمہ کے زیراہتمام دی ٹرسٹ سکول کے تعاون سے ایک خصوصی آگاہی واک کاانعقاد کیا گیا،جس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر سفاری زو مدثر حسن،ڈپٹی ڈائریکٹر سفاری زو غلام رسول، ماہر جنگلی حیات ڈاکٹر وسیم احمد خان ،وائلڈلائف افسران و سٹاف،دی ٹرسٹ سکول کے سینکڑوں طلبا و طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی ۔

واک کے شرکا نے عالمی یوم ارض کے حوالے سے کتبے اور بینر ز اٹھا رکھے تھے جن پر پلاسٹک آلودگی کے مضر اثرات سے بچنے اور پلاسٹک کے نعم البدل استعمال کرنے کی ترغیب دی گئی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کے دن کے حوالے سے لوگوں میں یہ پیغام عام کریں کہ وہ پلاسٹک کے استعمال سے انکار کریں اور پلاسٹک کی بجائے کاغذ اور کپڑے کے تھیلے استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ پلاسٹک ختم کرکے زمین کی سج دھج بچائیں اور فطرت کو مکمل بحال کریں،جس سے زمین پر دیگر تخلیقات اور جانداروں کو فروغ حاصل ہو۔اس موقع پرانفارمیشن سنٹر سفاری زو میں شعبہ نشرو ا شاعت کی جانب سے ایک آگاہی سٹال بھی لگایاگیا جس میں سیاحوں،طلباو طالبات نے بے حد دلچسپی لی۔واک کے بعد سکول کے طلبا و طالبات کے مابین یوم ارض کے حوالے سے پوسٹرز اور جانوروں کے ماڈلز وغیر ہ بنانے کے مقابلے منعقد کروائے گئے جس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباو طالبات میں محکمہ کی جانب سے تشہیری وال کلاک، مگ اور دیگر اشیا تقسیم کی گئیں ۔