لاہور۔30جون (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے دھان کی پنیری کے منتقلی کے دوران احتیاطی تدابیر جاری کردیں۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق دھان کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے منتقلی کے وقت پنیری کی عمر 25 تا 35 دن ہونی چاہیے۔ اگر لاب میں جڑی بوٹیاں اگ آئیں تو ان کے انسداد کیلئے بعد از اگاؤ والی محکمہ زراعت کی سفارش کردہ زہر سپرے کریں۔ اگر ٹو کے کا حملہ معاشی نقصان کی حد (2 ٹو کے فی نیٹ) تک پہنچ جائے تو پنیری اور اس کے ارد گرد کی وٹوں پر محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے سفارش کردہ زہر کا دھوڑا کریں۔ تنے کی سنڈی کا حملہ جب معاشی حد یعنی 0.5 فیصد سوک تک پہنچ جائے تو محکمہ زراعت کی سفارش کردہ دانے دار ز ہر ڈالیں۔ یادرکھیں کہ اگر کاشتہ پنیری کی حالت کمزور نظر آئے یا پتوں کا رنگ پیلا ہو تو یوریا کھاد بحساب 250 گرام یا کیلشیم امونیم نائٹریٹ 400 گرام فی مرلہ لاب کی منتقلی سے 10 دن پہلے چھٹہ دیں۔
منتقلی لاب کیلئے کھیت کی تیاری کے وقت موٹی اقسام کیلئے بعد از گندم کاشتہ کھیت میں کھادوں کا استعمال بحساب پونے دو بوری ڈی اے پی + سوابوری ایس او پی فی ایکڑ جبکہ باسمتی اقسام کیلئے ڈیرھ بوری ڈی اے پی + ایک بوری ایس او پی فی ایکڑ استعمال کریں۔ اگر سابقہ فصل برسیم یا پھلی دار ہو یا کھیت رویال ہو تو نائٹروجن کھاد کی مقدار 20 فیصد کم کرلیں۔ فصل کی حالت، زمین کی زرخیزی اور سابقہ کاشتہ فصل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے محکمہ زراعت کے ماہرین کے مشورہ سے کھاد کی مقدار میں کمی بیشی کی جاسکتی ہے۔ بوران کی کمی کی صورت میں 3 کلوگرام بورک ایسڈ یا 4.5 بوریکس (20 فیصد) فی ایکٹر بوقت تیاری کھیت استعمال کریں۔ لاب کی منتقلی کے وقت پودوں کی تعداد 80 ہزار اور سوراخوں میں 1 لاکھ 60 ہزار پودے فی ایکٹر رکھیں یعنی 9 انچ کے فاصلے پر فی سوراخ 2 پودے لگائے جائیں ۔
منتقلی لاب کے بعد 3 تا5 دن کے اندر قبل از اگا ؤ اثر کرنے والی سفارش کردہ جڑی بوٹی مار ز ہر شیکر بوتل کے ساتھ کھیت کے اندر پانی میں بکھیر دیں اور پانچ دن تک پانی کھیت میں کھڑا رکھیں۔ اگر کسی وجہ سے کھیت میں جڑی بوٹیاں اگ آئیں تو بعد از اگا ؤ اثر کرنے والی زہریں لاب کی منتقلی کے ایک مہینہ کے اندر استعمال کرلیں۔ دھان کے کا شتکار زنک کی کمی کی صورت میں کاشت کے دو ہفتے بعد 200 گرام زنک سلفیٹ (33 فیصد) فی مرلہ نرسری میں استعمال کریں یا پنیری کو کھیت میں منتقل کرنے سے پہلے اس کی جڑوں کو زنک آکسائیڈ کے 2 فیصد محلول میں ڈبوکر لگائیں ۔