راولپنڈی۔26جون (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں میں اتوار سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی نوید سنادی ۔ترجمان محکمہ موسمیات ڈاکٹر ظہیر بابر نے ہفتہ کو یہاں اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے جس سے جڑواں شہروں کے مکینوں کو شدید گرمی سے نجات ملے گی ۔
انہوں نے بتایاکہ یہ بارشیں راولپنڈی اسلام آباد کے ساتھ ساتھ کشمیر ،گلگت ، استور ،مری ، اٹک ،چکوال ،جہلم ،گوجرانوالہ ،گجرات ،حافظ آباد ، بدین ،نارووال ،سیالکوٹ ،پشاور ،کوہاٹ ،بنوں ،ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مختلف علاقوں میں بھی متوقع ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بارشوں اور تیز ہواوں کے نئے سلسلے کے دوران گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا تاہم ان بارشوں سے لاہور کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے ۔