مدینہ منورہ میں ’’بدر کا راستہ ‘‘ منصوبے کا افتتاح،زائرین بھی مستفید ہوں گے

104
مدینہ منورہ میں ’’بدر کا راستہ ‘‘ منصوبے کا افتتاح،زائرین بھی مستفید ہوں گے

مدینہ منورہ۔7مارچ (اے پی پی):گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبد العزیز نے نئے تاریخی اور تفریحی منصوبے’’بدر کا راستہ‘‘ کا افتتاح کردیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ضمن میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ انجینئر فہد البلیہشی بھی موجود تھے۔

’’بدر کا راستہ‘‘ منصوبہ واکنگ ٹریکس اور اونٹوں پر زائرین کو بدر کے تاریخی مقام تک لے جائے گا۔ یہ منصوبہ ہائیکنگ اور مہم جوئی کے شوقین افراد کے لیے انتہائی مناسب اور پر امن ماحول فراہم کرے گا جس میں قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کا بھی موقع ملے گا۔

گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان کو منصوبے سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ بدر کے راستے میں 40 سے زیادہ تاریخی مقامات ہیں جن کا تعلق غزوہ بدر سے ہے۔ بدر کا راستہ 175 کلو میٹر پر مشتمل ہوگا جس میں 25 دیہی علاقے بھی آتے ہیں۔ اونٹوں پر سیر و تفریح کرنے والوں کے لیے 4 دنوں کا پروگرام رکھا گیا ہے،

پہلے دن انہیں وادی ملل میں رات کو قیام ، دوسرے دن روحا کنویں کے پاس، تیسرے دن خیف الحزامی جبکہ چوتھے دن وادی ذفران میں رات کو قیام کرنا ہو گا۔ بدر کے راستے کی پہلے سفر میں سعودی عرب، امریکا، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، ملائیشیا، انڈونیشیا، مصر اور لبنان سے تعلق رکھنے والے 25 افراد نے شرکت کی ہے۔