مری۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مری کے داخلی راستوں پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 12 دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران 7,590 لیٹر دودھ کا معائنہ کیا گیا۔جانچ کے دوران 7 گاڑیوں میں ملاوٹی اور ناقص دودھ کی موجودگی پائی گئی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ گاڑیوں کو 41 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 500 لیٹر ملاوٹی دودھ کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائیاں وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے تحت جاری ہیں تاکہ عوام کو ملاوٹ سے پاک اور معیاری دودھ فراہم کیا جا سکے۔ حکام نے کہا کہ ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور اس طرح کے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔ عوام کو صحت بخش اور محفوظ غذائی اشیاء کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے سختی سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔