مری، بارشی پانی کی افادیت اور اسے قابل استعمال بنانے کیلئے جاری پروجیکٹ کے حوالے سے سماجی آگاہی تقریب کا انعقاد

75

مری۔ 24 جنوری (اے پی پی):بارشی پانی کی افادیت اور اسے قابل استعمال بنانے کیلئے جاری پروجیکٹ کے حوالے سے سماجی آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کی خصوصی ہدایات پر دی اربن یونٹ کے زیرِ انتظام مری میں جاری رین واٹر ہارویسٹنگ پروجیکٹ کے تحت سماجی آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

دھوبی گھاٹ گراؤنڈ منعقد ہونے والی اس تقریب میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔تقریب کا مقصد عوام میں بارش کے پانی کی افادیت، اس کے محفوظ طریقہ استعمال اور پانی کی ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ یہ منصوبہ نہ صرف بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے بلکہ اسے کارآمد بنانے کے جدید طریقہ کار پر بھی رہنمائی فراہم کرے گا۔پروگرام میں ادارے کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جن میں ریزیڈنٹ انجینئر عاصم نذیر اور کمیونٹی اینڈ کمیونیکیشن مینیجر محمد اویس ضیاء سمیت دیگر افسران شامل تھے۔ مقررین نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اس کے طویل مدتی فوائد پر روشنی ڈالی۔عوام نے منصوبے پر مثبت ردعمل دیا اور اسے علاقے کی ترقی، ماحولیات کے تحفظ اور پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ مری میں ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے اور پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے یہ پروجیکٹ ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔