مزدوروں کے بچوں کو حصول تعلیم میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔فیصل ایوب کھوکھر

154

لاہور۔7دسمبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کا مزدوروں کے بچوں کے لیے بڑا اقدام، 40 کروڑ روپے کے 500 اسکالرشپ چیک مزدوروں کے بچوں میں تقسیم کر دئیے گئے۔ ورکرز ویلفیئر فنڈز کے تحت یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں چیک تقسیم تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر لیبر فیصل ایوب کھرکھر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور یو ایم ٹی میں زیر تعلیم مزدوروں کے بچوں میں اسکالرشپ چیک تقسیم کیے۔صوبائی وزیر لیبر و انسانی وسائل فیصل ایوب کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ پچھلے آٹھ ماہ سے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مزدوروں کے بچوں کا سکالرشپ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ رقم کسی حکومت کی نہیں بلکہ مزدوروں کی اپنی جمع شدہ رقم ہے، جو ان کو واپس لوٹائی جا رہی ہے۔صوبائی لیبر فیصل ایوب کھوکھر کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے بچے جب اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کریں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرے کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا سب کی ذمہ داری ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ طلبا مستقبل میں ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے۔تقریب میں سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈز توقیر الیاس چھٹہ اور صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے بھی شرکت کی۔

ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ یو ایم ٹی نے بلا تفریق تمام طلبا کو یکساں سہولیات فراہم کی ہیں اور پچھلے کئی سالوں سے سیکڑوں طلبا کو مفت اعلی تعلیم، رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے تعلیم کو ایک ایسا زیور قرار دیا جو زندگی کو بدل سکتا ہے اور طلبا کو قائد کے خواب کے مطابق پاکستان بنانے کی تلقین کی۔