لاہور۔16اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ریلوے منافع میں اضافے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو شامل کیا جائے گا۔ نجی شعبہ 20 بڑے اسٹیشنوں پر جدید طرز کے واش رومز کی تعمیر اور انتظام میں معاونت کرے گا اور منافع میں اضافے کے لیے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے زمین کے بہتر استعمال کے لیے اعانت کرے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سروس کوالٹی بہتر بنانے کے لیے اسٹیشنوں پر مسافروں کی آمد و رفت کو آسان بنایا جائے گا اور اس ضمن میں ملک بھر سے بڑے ریلوے اسٹیشنوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
مزید برآں ڈائریکٹوریٹ آف لیگل افئیرز کی بہتر کارکردگی کے لیے وزارتِ قانون سے بہترین افرادی قوت لی جائے گی۔ اسی طرح ریڈیمکو کی بحالی کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ ریڈیمکو میں سی ای او اور کمپنی سیکرٹری کے عہدوں کے لیے قابل افسران کا انتخاب کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے انتظامیہ کو گوادر آفس میں عملہ تعینات کرنے کی ہدایت بھی کی۔