راولپنڈی۔19فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن انتخابات لڑنے کے لئے مکمل تیاری سے میدان میں موجود ہے،جیل بھرو تحریک کے دعوے دار عدالتوں سے فرار ہو رہے ہیں،عمران خان بزدل شخص ہے گرفتاری سے بچنے کے لئے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا رہا ہے اور وہ موجود مہنگائی کاذمہ دار ہے،عمران خان …
مسلم لیگ ن انتخابات کیلئے مکمل تیاری سے میدان میں موجود ہے،جیل بھرو تحریک کے دعوے دار عدالتوں سے فرار ہو رہے ہیں،مریم نواز کا راولپنڈی میں تنظیمی کنونشن سے خطاب

مزید خبریں
راولپنڈی۔19فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن انتخابات لڑنے کے لئے مکمل تیاری سے میدان میں موجود ہے،جیل بھرو تحریک کے دعوے دار عدالتوں سے فرار ہو رہے ہیں،عمران خان بزدل شخص ہے گرفتاری سے بچنے کے لئے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا رہا ہے اور وہ موجود مہنگائی کاذمہ دار ہے،عمران خان نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط طے کر ملک کو نقصان پہنچایا ہے،حکومت کو قوم کی مشکلات کا احساس ہے،
وزیر اعظم محمد شہباز شریف ملکی حالات ٹھیک کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں، میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ مشکلات اور بحران میں پھنسے پاکستان کو ترقی کی راہ پرگامزن کیا،تعلیم،صحت اور سڑکوں کے منصوبے گواہی دیتے ہیں کہ میاں نواز شریف پنڈی کی عوام سے محبت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو راولپنڈی میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ،سا بق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،سینئر رہنما پرویز رشید، طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے
جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ملک ابرار احمد،چوہدری تنویر احمد،حنیف عباسی،طاہرہ اورنگزیب، دانیال تنویر چوہدری،راجہ حنیف،ملک افتخار،سجاد خان،لبنیٰ ریحان،راولپنڈی و چکلالہ کینٹ بورڈ کے اراکین،پی ایم ایل شعبہ خواتین،طلبا و نوجوان تنظیموں کے رہنما،سوشل میڈیا ٹیم سمیت کارکن ریلیوں اور جلوسوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچے۔ مریم نواز کی آمد پر راولپنڈی کی قیادت اور کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں سے گل پاشی کی ۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نوازنے کہا کہ مسلم لیگ ن کے جلسوں میں خواتین کی تعداد میں اضافہ خوش آئند ہے،راولپنڈی کے عوام نے آج جلسے میں شرکت کرکے ثبوت دیا ہے کہ میاں نواز شریف جہاں بھی ہوں کارکن ان سے محبت کرتے ہیں اور میاں نواز شریف کی پنڈی والوں سے محبت کوئی ڈھکی چھپی نہیں،سب سے پہلی موٹر وے کا آغاز راولپنڈی سے کیا،پنڈی میں میٹرو بس،کارڈیالوجی ،نیورالوجی،تعلیمی ادارے اور سڑکوں کے منصوبے گواہی دے رہے ہیں کہ میاں نواز شریف راولپنڈی کی عوام سے محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اپنے دور حکومت کے دوان ملک و قوم کی خدمت میں مصروف رہا جبکہ بنی گالہ میں چھپ کر حکومت کرنے والا گھڑیاں چھپانے میں مصروف رہا اور ریکارڈ قرضے لے کر ایک منصوبہ بھی پنڈی میں شروع نہیں کروا سکا،راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ بھی میاں شہبازشریف کا تھا مگر عمران خان نے اس سے بھی صرف مال بنانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ ہمیشہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کو پاکستان تباہ حال ملا اور جب ٹھیک کردیا جاتا ہے تو ملک سے باہر نکالا دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکلات کوئی اور پیدا کرتا ہے اور میاں نواز شریف ان مشکلات کا دور کرتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ جب نواز شریف کی حکومت تھی تو مہنگائی نہیں تھی اور غریب پیٹ بھر کر کھانا کھاتا تھا مگر جیسے ہی عمران خان آیا اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے،مہنگائی کا دوسرا نام عمران خان ہے جو اس ملک میں مہنگائی کا اصل ذمہ دار ہے،ملک کو بحرانوں سے نکالنے والاصرف میاں نواز شریف ہے،عمران کی پھیلائی تباہی ٹھیک کرنے میں کچھ عرصہ لگے گا اور ملکی معیشت کو ن لیگ کے علاوہ کوئی ٹھیک نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے چارسالہ دور حکومت کے دوران ملک کو لوٹنے اور اپنی جیبیں بھرتے رہے،ہر بار کی طرح اس بار بھی مسلم لیگ ن ہی دوبارہ پاکستان کو ترقی کے راستے پر لائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے دور میں لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کئے گئے،عمران خان نے 10سال میں حکومت کر کے خیبرپختونخوا کا بیڑہ غرق کردیا ہے اور عمران خان کے پاس اپنی حکومت کی چار سالہ کارکردگی بتانے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن الیکشن لڑنے کے لئے میدان میں تیار کھڑی ہے اور اس الیکشن میں پتا چلے گا کہ مسلم لیگ ن کے پاس نوجوانوں کی سب سے بڑی فورس ہے اور مسلم لیگ ن کا کارکن ڈٹ کر اپنی قیادت کے ساتھ کھڑا ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت اور کارکن متحد ہیں
،اتحادی حکومت ملکی حالات ٹھیک کرنے کے لئے کوشاں ہے،مسلم لیگ ن انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اورمسلم لیگ ن کے کارکن انتخابات میں کامیابی کے لئے پرامید ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہم انتخابات سے گھبرانے والے نہیں ہیں، مسلم لیگ ن کے کارکن الیکشن کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں اور میدان میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں مگر ہم چاہتے ہیں کی انتخابات شفاف ہوں جبکہ عمران خان اپنے کارکنوں کو گمراہ کر کے ملک میں عدم استحکام کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کو راولپنڈی میں خوش آمدید کہتے ہیں اور ہم اپنے قائد میاں محمدنواز شریف اورمحمد شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہیں، میاں نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنا کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور ہماری قیادت ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گی۔








