مسلم لیگ (ن) نے ملک سے اندھیروں و دہشت گردی کا خاتمہ کیا،9 مئی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی سیاسی نہیں، تمام قومی اور صوبائی حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے امید وار کھڑے ہوں گے ،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس

184
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

لاہور۔ 14 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک سے اندھیروں اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، محمد نواز شریف کوسازش کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا گیا،9 مئی کے ذمہ داروں کیخلاف ہونے والی کارروائی سیاسی نہیں، مسلم لیگ( ن) نفرت اور انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، مسلم لیگ( ن) بھر پور طریقے سے انتخابی مہم چلائے گی اور تمام حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اویس لغاری اور ترجمان مسلم لیگ (ن) پنجاب عظمی بخاری بھی موجود تھیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) بھر پور طریقے سے انتخابی مہم چلائے گی، تمام حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور ان کی بھر پور حمایت کرے گی، مسلم لیگ(ن ) کی اس وقت ڈویژن،ڈسٹرکٹ،تحصیل اور یو سیز کی سطح پر تنظیمیں موجود ہیں،ہم نے یو سیز سطح پر مسلم لیگ ن کو منظم کیا ہے اور انشاء اللہ اس الیکشن میں پارٹی اپنے امیدواروں کی بھر پور سپورٹ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہر بحران سے ملک کو نکالا اور ترقی کے راستے پر گامزن کیا،12 اکتوبرکی مہم جوئی نہ کی جاتی تو آج پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ2013 میں ملک کوبیس بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا سامنا تھا ، مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آ کر ملک کواندھیروں سے نکالا اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور محمد نواز شریف کیخلاف سازش کر کے اقتدار سے ہٹایا گیا، پی ٹی آ ئی کے دور میں گزشتہ چار سالوں میں ترقی کا عمل رکا رہا اور صرف انتقامی کارروائیاں کی گئیں، اپنے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے اور انہیں جیلوں میں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی چیئرمین نے اپنے چار سالہ دور میں سیاسی انتقام کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ملک کو مہنگائی، غربت اور بے روز گاری کے بحران میں مزید دھکیل دیا اور ملک میں سری لنکا جیسے حالات پیدا کرنے کی ناکام کوشش کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن وہ جماعت ہے جس نے پاکستان کو تمام بحرانوں سے نکالا اور 28مئی 1998کو محمد نواز شریف کی قیاد ت میں ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔انہوں نے کہاکہ جب پاکستان ایک ٹائیگر بننے جا رہا تھا تو محمد نواز شریف کو سزا دے کر نا اہل کیا گیا، ملک کو مسائل سے دوچار اور ملک کی ترقی کا پہیہ روک دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک سے غربت ،مہنگائی اور بے روز گاری کا خاتمہ کر یں گے،ہم نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا،محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تمام قومی اور صوبائی حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے امید وار کھڑے ہوں گے ،اس مرتبہ ہر حلقے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار شیر کے نشان کے ساتھ موجود ہوں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )بطور جماعت اور قیادت نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہماری ترجیح ہے،محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن ) کا ایجنڈا ملکی سیاست میں عزت و احترام کو لانا ہے اور قوم کو گمراہ کرنے کے عمل کو ختم کرنا ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ہر حلقے میں مسلم لیگ (ن ) کے امیدوار مہیا کریں گے جبکہ پارٹی کے مخلص کارکنوں پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا،البتہ اگر کسی حلقے میں ہمارا امیدوار کھڑا نہیں ہوتا تو وہاں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 9مئی کے واقعات میں جو جماعت اور گروہ ملوث ہے، اس کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جارہی بلکہ ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے جنہوں نے اس سانحہ کو کروانے کے لئے نوجوانوں کی ذہن سازی کی ہے،جن شرپسند عناصر نے یہ سر کشی کی ہے ان کے خلاف مروجہ قوانین کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 9مئی کا واقعہ چیئر مین پی ٹی آ ئی نے کروایا ہے لہذا اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعہ میں ملوث گرفتار افراد کے بارے میں تحقیقات کرنے والے متعلقہ ادارے آزاد اور خود مختار ہیں، جو لوگ بھی اس واقعہ کے ذمہ دار ہیں وہ ضرور عدالت کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔ ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آ ئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کیا بلکہ پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے ،جو بھی بحران پاکستان میں آیا ہے اس سے مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت محمد نواز شریف نے ملک کو نکالا ہے،بحران 1999 یا 2013 والا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جلائو گھیرائو کی سیاست کرنے والوں کو عوام نے پہچان ہی لیا ہے ، جنہوں نے دفاعی تنصیبات کو آ گ لگائی اور شہداء کے مزاروں کی بے حرمتی کی، ان کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کے چیئرمین نے اپنے چار سالہ دور میں انتقامی سیاست کو فروغ دیا ، پاکستان کی ترقی کے پہیے کو روکا اور ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لے جانے کی ناکام کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت الیکشن میں کامیابی کے بعد پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کریں گے،مہنگائی کا بوجھ غریب آ دمی کے کندھوں سے کم کریں گے، نوجوانوں کو بہتر مستقبل دیں گے اور ملک میں گالم گلوچ کی سیاست کا خاتمہ کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ جس طرح مسلم لیگ ن کے سابقہ ادوار میں پارٹی قیادت محمد نواز شریف نے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا ،لوڈشیڈنگ پر قابو پایا اور ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں بدل دیا ، آئندہ الیکشن میں اگر عوام نے محمد نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا جو کہ لازم کریں گے، مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت پاکستان کو موجود بحرانوں سے نکالے گی اور ملک کو خوشحالی سے ہمکنار کریں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے فیصلہ پارٹی قیادت کی جانب سے ہو گا جو بھی وہ فیصلہ کریں گے وہ ہم سب کو قبول ہو گا البتہ مسلم لیگ (ن ) الیکشن الائنس میں نہیں جائے گی،شہداء کی بے حرمتی اور املاک کا نقصان کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔