مسیحی برادری کے وفد کی ایوانِ قائد میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے جشنِ ولادت اور کرسمس کی مشترکہ تقریب میں شرکت

75

اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) نظریہ پاکستان کونسل کی مجلسِ عاملہ کی خصوصی دعوت پر مسیحی برادری کے 30 رکنی وفد نے گذشتہ روز ایوانِ قائد میں رکن مجلسِ عاملہ منظور مسیح کی رہنمائی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے جشنِ ولادت اور کرسمس کی مشترکہ تقریب میں شرکت کی۔ مسیحی وفد کی قیادت کرائسٹ چرچ راولپنڈی کے ریورنڈ ندیم کامران اور سینٹ تھامس چرچ اسلام آباد کے ریورنڈ اعمنوئل لورین نے کی جبکہ کونسل کے طرف سے سینئر وائس چیئرمین میاں محمد جاوید، ایگزیکٹو سیکرٹری گوہر زاہد ملک، مجلسِ عاملہ کے اراکین اور کونسل سیکرٹریٹ کے ایگزیکٹو افسران نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایوانِ قائد کی پکچرز گیلری میں بانی پاکستان کی تحریکِ پاکستان کے زمانے کی نادر تاریخی تصاویر کی ایک ہفتہ جاری رہنے والی نمائش کا افتتاح کیا گیا اورکرسمس کی مناسبت سے کونسل کی طرف سے اظہارِ یکجہتی کی علامت کے طور پر کرسمس کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ مسیحی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے میاں محمد جاوید نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی یہ روایت کونسل کے بانی چیئرمین زاہد ملک مرحوم نے کوئی 10 برس پیشتر رکھی تھی جس کا بنیادی مقصد اس امر کو تقویت دینا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام طبقے بلا لحاظ عقیدہ و مذہب مل جُل کر پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لئے اپنی خدمات جذبہ یگانگت کے ساتھ پیش کریں۔