مشکل کی گھڑی میں لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، خلیج تعاون کونسل

104
مشکل کی گھڑی میں لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، خلیج تعاون کونسل
مشکل کی گھڑی میں لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، خلیج تعاون کونسل

دوحہ ۔3اکتوبر (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل (جی سی سی )نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، لبنان کے المیے اور عوام کو انسانی بنیاد پر امداد فراہم کرنے کےلیے عالمی اورعلاقائی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ اردو نیوز کے مطابق جی سی سی ممالک نے قطرکے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی کی زیر صدارت تنظیم کی وزارتی کونسل کے 45 ویں غیرمعمولی اجلاس کے بعد مشترکہ بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کے المیے اور عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کےلیے عالمی اورعلاقائی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں علاقائی تنازعات میں پڑنے سے گریز اور تنازعے کا پھیلائو روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ جی سی سی نے سلامتی کونسل کی قرار داد 1701 اور طائف معاہدے پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ لبنان میں مستقل بنیاد پر قیام امن کو ممکن بنایا جاسکے۔

وزارتی کونسل نے 27 ستمبر کو نیویارک میں فلسطین اورلبنان کے خلاف اسرائیلی حملوں میں اضافے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے عرب ریاستوں اور اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی وزارتی اجلاس کی جانب سے جاری بیان کا بھی خیر مقدم کیا ۔مسئلہ فلسطین کے حوالے سے وزارتی کونسل نے یقین دہانی کرائی کہ جی سی سی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور غزہ کی پٹی کا محاصرہ ختم کرنے کرنے، قیدیوں کی رہائی اور انسانی بنیادوں پر متاثرین کے لیے امداد کی فوری اور جامع ترسیل کو ممکن بنانے پر زوردیا۔

کونسل کی جانب سے سعودی عرب کی سربراہی میں وزارتی کمیٹی کی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا جو فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو روکنے کےلیے غیر معمولی مشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں کی گئی تھیں۔

کونسل نے متفقہ طورپر خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی و بین الاقوامی امن وسلامتی پر اس کے خطرناک اثرات کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زوردیا کہ علاقے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کےلیے تحمل سے کام لیا جائے تاکہ دنیا کو مزید جنگ اور تباہی سے محفوظ رکھا جاسکے۔