مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی اے پی پی سے گفتگو

159

اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا وژن پر امن ہمسائیگی اور علاقائی امن و استحکام میں مدد گار ثابت ہو گا۔، دیگر ریاستوں کے تحفظات دور کرنے میں تعاون سے ہمارے اپنے تحفظات بھی حل کرنے میں مدد ملیگی ۔بدھ کو اہم ممالک میں تعینات سفیروں کی تین روزہ کانفرنس کے اختتامی سیشن کے موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ دیگر ملکوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائد اعظم محمد علی جناح کا وژن تھا۔قائد کا فرمان تھا”ہماری خارجہ پالیسی دنیا کے تمام ملکوں کیلئے دوستانہ اور جذبہ خیرسگالی پرمبنی ہے“مشیر خارجہ نے سفیروں کی کانفرنس کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانفرنس نے پاکستان کے اہم ملکوں کے سفیروں کو علاقائی پیشرفت اور اسکے پاکستان پر اثرات پر بحث کرنے کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا پانچ نکاتی ایجنڈہ تھا جس میں پاک امریکہ ،افغانستان،بھارت تعلقات (کشمیر تنازعہ سمیت)، علاقائی استحکام اور انسداد دہشت گردی شامل تھے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ کانفرنس نے حکومت کی تین سالہ کارکردگی بالخصوص سی پیک،کاسا۔1000،تاپی گیس پراجیکٹ اور نئے ملکوں کیساتھ فضائی رابطوں کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رواث سال جون میں شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت حکومت کی ایک اور بڑی کامیابی ہے۔