اسلام آباد ۔21جولائی (اے پی پی):تاجر برادری نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی بحران کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور متحدہ کوششوں کی ضرورت ہے ، معاشی مضبوطی ہی ملکی خوشحالی کا واحد راستہ ہے ۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر چوہدری ندیم اے رئوف نے اے پی پی کو بتایاکہ تاجر برادری معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اس حوالے سے راولپنڈی چیمبر تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی پر مشتمل چارٹر آف اکانومی کا مطالبہ بھی کرچکا ہے تاہم ناگزیر وجوہات کی بناءپر تاحال میثاق معیشت کانفرنس کا انعقاد نہیں کیا جا سکا ۔
انہوں نے کہاکہ ملکی معاشی صورتحال پر غور و غوص کے شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے نمائندگان پر مشتمل ایک اجلاس بھی منعقد کیا گیا جس میں انجمن تاجران کے نمائندوں شاہد غفور پراچہ، ارشد اعوان، شیخ حفیظ، سمال چیمبر کے صدر شیخ آصف ادریس، تاج عباسی، ظفر قادری، طاہر تاج بھٹی، چوہدری اقبال، طارق وحید بٹ، رفیق بھاٹیہ، نوید کنول، حماد قریشی، راجہ جواد، خورشید احمد، فاروق چوہدری، شیخ عبدالوحید سمیت آر سی سی آئی کے سابق صدور میجر امان اللہ خان، ڈاکٹر حسن سروش، ڈاکٹر شمائیل داود، راجہ عامر اقبال نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا گیاہے ۔اجلاس میں یہ بھی کہا گیاکہ تمام پارٹیز کو سیاسی معاملات ایک طرف رکھ کر ملک کی معاشی صورتحال، آئی ایم ایف اور ڈالر کو قابوکرنے کے لیے میثاق معیشت کی طرف آنا ہو گا اور اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا تاکہ ملک کو موجودہ معاشی بحران سے باہر نکالا جا سکے۔