وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ، محکمہ موسمیات

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے جبکہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی/ اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد،لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔اس دوران کشمیر،گلیات ، مری ،چلاس، دیامیر، گلگت،ہنزہ، استور اوراسکردومیں لینڈ سلائیڈنگ اور ڈیرہ غازی خان اور مشرقی بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے ۔

آج جمعہ کے روز کشمیر، پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، بالائی سندھ اور مشرقی بلوچستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے ۔ جنوبی پنجاب میں چند مقا مات پر موسلادھار بارش متوقع ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب ، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، کشمیر اورٹھٹہ میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔

سب سے زیادہ بارش پنجاب میں لاہور(تاج پورہ 238،ایئر پورٹ 197، مغل پورہ 174، چوک ناخدہ 159، پانی والا تالاب 158، لکشمی چوک 143، گلشن راوی 128، جوہر ٹائون 124، فرخ آباد 119، نشتر ٹائون ، اپر مال 116، سمن آباد88 ، واسا ہیڈ آ فس 76،سٹی 69، اقبال ٹائون 63)، سیالکوٹ (سٹی 152، ائیر پورٹ 139)، نارووال 147، جھنگ 125،حافظ آباد 119، قصور 117، راولپنڈی(کچہری93، چکلالہ 38، شمس آباد 28)، گجرات62،جہلم 58، اسلام آباد(ایئر پورٹ53،بوکڑہ 39، زیرو پوائنٹ26، سیدپور 19، گولڑہ 16)، فیصل آباد (ڈوگر بستی 47، مدینہ ٹائون ، گلستان کالونی 46، علامہ اقبال کالونی 40، غلام محمد آباد39 ، سٹی 25)،منگلہ 45، گوجرانوالہ 44،سرگودھا 31، منڈی بہاولدین 13، چکوال 08، جوہر آباد 07،اٹک ، ٹوبہ ٹیک سنگھ 03، بہاولنگر، لیہ 01 ، خیبر پختونخوا میں تخت بائی 42، پشاور (سٹی 38)،باچا خان (ایئر پورٹ29)، بنوں 24، چراٹ 20، بالاکوٹ 03، کاکول 01، بلوچستان میں خضدار 30،بارکھان 05، ژوب 01، کشمیر میں کوٹلی 16، گڑھی دوپٹہ 06،راولاکوٹ 02، مظفر آباد( ائیر پورٹ ،سٹی01)، سندھ : ٹھٹہ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس دوران ملک میں زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت نوکنڈی47 ، دالبندین اور چلاس میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔