معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت ایمرجنسی کور گروپ کا اجلاس، کرونا وائرس بارے بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

44

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت ایمرجنسی کور گروپ کے اجلاس میں کرونا وائرس بارے بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں، تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کی مربوط کوآرڈینیشن سے اقدامات کئے جا رہے ہیں، سرحد پار سے آنے والے مسافروں کیلئے ایک جامع پالیسی مرتب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 دن کے قرنطینہ کے بعد سکریننگ بھی کی جا رہی ہے، سر حد پار سے آنے والے مسافروں کا ڈیٹا صوبائی حکومتوں کو بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مدد سے ڈیٹا کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے، طورخم بارڈر پر سکریننگ کا مربوط نظام موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتان بارڈر پر کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک مربوط حکمت عملی مرتب کی گئی ہے، کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کو قومی ایمرجنسی سمجھتے ہوئے ہم سب مل کر کام کر رہے ہیں، ہم نے وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے بروقت اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلینیکل گائیڈ لائنز کیلئے بروقت ایس او پی جاری کئے گئے ہیں، تمام صوبوں کے ساتھ مل کر قومی ایکشن پلان پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 8 بڑی لیبارٹریز پر تشخیص کا نظام موجود ہے، ابھی تک پاکستان میں 18 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔