معیاری اور کم بجلی استعمال کرنے والے آلات توانائی کی بچت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،شبلی فراز

44
معیاری اور کم بجلی استعمال کرنے والے آلات توانائی کی بچت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،شبلی فراز

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ معیاری اور کم بجلی استعمال کرنے والے آلات توانائی کی بچت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ملک میں بین الاقوامی معیار کی الیکٹرونک مصنوعات کی پیداوار کو یقینی بنایا جائیگا۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں کم توانائی استعمال کرنے والی مصنوعات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پاکستان الیکٹرانکس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ، پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ، معروف الیکٹرانکس کمپنیوں ، نیکا اور اوگرا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں توانائی کے تحفظ اور کم توانائی استعمال کرنے والی مصنوعات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مارکیٹ میں اشیاء کی کم قیمت پر زیادہ توجہ دیا جاتا ہے۔ سٹار ریٹنگ کے نفاذ سے عوام کو ان مصنوعات کے استعمال سے پیسے اور توانائی کی بچت سے آگاہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ ان اشیاء کا استعمال صارفین ، صنعت کاروں اور حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔اجلاس کے دوران ملک میں کم توانائی استعمال کرنے والے آلات کی پیداوار کو یقینی بنانے کے لئے مختلف تجاویز اور اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری اور نجی شعبے کو اس اہم مسئلے پر مل کر کام کرنا ہوگا کیونکہ صنعت کاروں کے تعاون کے بغیر اس پالیسی پر عمل درآمد ممکن نہیں ہوگا۔

اجلاس میں موجود نجی شعبے کے نمائندوں نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیر نے اس سلسلے میں پی ایس کیو سی اے ، پی سی ایس آئی آر اور این آئی ای سمیت وزارت کی مختلف محکموں اہداف اور ہدایات دیں۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ لوگوں کو اس بات کا ادراک نہیں ہے کہ کم توانائی استعمال کرنے والی مصنوعات ملکی سطح پر توانائی کی بچت میں کتنا بڑا فرق ڈال سکتی ہیں۔ بھی بتایا گیا کہ ایک تحقیق کے مطابق پاکستان میں صرف پرانے پنکھوں، اے سی اور موٹروں کو تبدیل کر کے یومیہ 3000 میگاواٹ سے زائد بجلی کی بچت کی جا سکتی ہے