معیشت کو زیادہ پرکشش بنانے کے لیے طویل مدتی اور وسط مدتی اقدامات کریں گے، سعودی ولی عہد

159
Saudi Crown Prince
Saudi Crown Prince

ریاض۔7دسمبر (اے پی پی):سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت شاندار ترقیاتی مواقع اور امکانات کی بنیاد پر پائیدار شرح نمو میں اضافے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ سعودی اخباراردو نیوز کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وژن 2030 کے تحت سعودی عرب میں ترقی اور مالیاتی و اقتصادی اصلاحات جاری رکھنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات کے مطابق مملکت کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ تیل کے سوا دیگر ذرائع سے قومی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سرکاری اخراجات کا دائرہ وسیع کرکے شرح نمو کو بہتر بنانے کے حوالے سے نئے قومی بجٹ کی پابندی کرے گا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ نئے بجٹ سے ابھرتے ہوئے اقتصادی شعبے ترقی کریں گے،سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا،صنعتوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، مقامی مصنوعات کا استعمال بڑھے گا، تیل کے علاوہ سعودی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ اور قومی ترقیاتی فنڈ کے موثر اور اہم کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی استعداد بڑھا کر اور سرکاری محفوظ اثاثوں کے ذریعے سرکاری خزانے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ قومی قرضوں میں استحکام برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ بحران یا تبدیلی سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے سرکاری اخراجات میں اضافے کے اسباب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ مقامی شہریوں ، مقیم غیر ملکیوں اور زائرین کوفراہم جانے والی خدمات کا معیار بہترسے بہتر بنانے کی خواہش ہے۔

سعودی ولی عہد نے اقتصادی تنوع کے لیے نجی شعبے کے ساتھ شراکت بہتر بنانے اور اسے مستحکم کرنے کی پالیسی پر گامزن رہنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ لیبرمارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ سعودی شہریوں کی گنجائش نکلے اور لیبر مارکیٹ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں تاکہ سعودی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی کوشش ہے کہ دنیا بھر کے ممالک امن و استحکام سے مستفید ہوں اور یہ ترقی اور خوشحالی کی بنیادی ضرورت ہے۔ یہ بھی چاہتے ہیں کہ سپلائی چین مستحکم اور جدید تر ہو تاکہ دنیا بھر کے ممالک کی خوشحالی اور ترقی کا کام اس سے لیا جاسکے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نےکہا کہ سعودی عرب آئندہ سال معیشت کو زیادہ پرکشش بنانے کے لیے طویل مدتی اور وسط مدتی اقدامات کرے گا اور تمام اقتصادی شعبوں کو جدید خطوط پراستوار کرکے معیشت میں تنوع اور ملکی و غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنائے گا۔