ملک میں بیس بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، کھلاڑیوں کو وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے، طاہر محمود

111
بیس بال

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):قومی بیس بال ٹیم کے کیمپ کمانڈنٹ طاہر محمو د پاپا نے کہا ہے کہ ملک میں بیس بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہےاور اس ٹیلنٹ کو بروئے کا ر لانے کے لئے پاکستان بیس بال فیڈریشن ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں جاری ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں کھلاڑی بھر پور محنت کر رہے ہیں اوربین الاقوامی سطح پر نتائج حاصل کرنے کے لئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں طاہر محمود نے پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو دی جانے والی مراعات کی تعریف کی جن میں رہائش، کھانا اور کھیل کا میدان شامل ہے۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان نے رواں برس ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میں کامیابی حاصل کی اس کامیابی کا سہرا پاکستان بیس بال فیڈریش کے صدر سید فخر علی شاہ اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے جس نے کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کیں۔