ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، معاشی اصلاحات کے ایجنڈے میں عوام کے لئے خوشخبریاں ہوں گی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی خصوصی گفتگو

157
آئندہ مالی سال کا بجٹ بہترین اور عوام دوست بجٹ ہوگا، وزیراعظم نے ہمیشہ ریلیف دینے کی بات کی ہے، مہنگائی میں واضح کمی اور مجموعی ترقی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اڑان پاکستان ۔ ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان میڈ ان پاکستان معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے، ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، معاشی اصلاحات کے ایجنڈے میں پاکستان کے عوام کے لئے خوشخبریاں ہوں گی۔

منگل کو اڑان پاکستان ۔ ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان29-2024ءکے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج ہوم گرون اکنامک ایجنڈے کا اعلان کرنے جا رہے ہیں، یہ میڈ ان پاکستان معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے جس کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا اور پاکستان کے عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریے بہتر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوم گرون معاشی اصلاحات کا ایجنڈا اہم اقدام ہے جو پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لئے ہے۔