ملک کو جدید،ترقی یافتہ اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لئے تحریک پاکستان کے جذبے سے تعمیرپاکستان کی تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے،وزیراعظم شہبازشریف

65
ملک کو جدید، ترقی یافتہ اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لئے تحریک پاکستان کے جذبے سے تعمیر پاکستان کی تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے ، وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کو جدید، ترقی یافتہ اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لئے تحریک پاکستان کے جذبے سے تعمیر پاکستان کی تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے ، ہمارا پیارا پاکستان 75سال کا ہونے جارہا ہے ،ملک کو معاشی طور پر خودانحصار بنانے کے لئے پرعزم ہیں ، میثاق معیشت کی منزل قومی ڈائیلاگ کے ذریعے حاصل کریں گے ۔

بدھ کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کا ارمان ہمارا پیارا پاکستان 75سال کا ہونے جا رہا ہے، آزادی کی نعمت پر ہم اللہ سبحانہ و تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔قائد اعظم اور علامہ اقبال سمیت مشاہیر پاکستان کو سلام جن کی بے مثال سیاسی، جمہوری اور قانونی جدوجہد کے نتیجے میں آج دنیامیں ہماری شناخت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی کی خوشی پر "عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان” کے خوبصورت عنوان سے خصوصی ‘لوگو’ جاری کرنا قابل ستائش ہے۔مقصد پر ‘یقین’، اس کے حصول کے لئے ‘نظم وضبط’ کے ساتھ جہد مسلسل اور اتحاد کا جذبہ کار فرما ہو تو ہر نصب العین حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج ہم نے پاکستان کو معاشی طور پر خودانحصار بنانے کا عزم کیا ہے۔ میثاق معیشت کی منزل نیشنل ڈائلاگ کے راستے پر چلتے ہوئے حاصل کریں گے تاکہ ہم کسی کے دست نگر نہ رہیں، ہمارے بچے اور نوجوان تعلیم یافتہ اور باشعور ہوں کیونکہ تعلیم سے ہی انفرادی اور اجتماعی تبدیلی لاسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان تحریک پاکستان کے جذبے سے تعمیر پاکستان کی تحریک شروع کریں تاکہ ہم پاکستان کو جدید، ترقی یافتہ، معاشی طور پر خود انحصار، اسلامی فلاحی مملکت بنائیں۔