ملک کھیلوں کی ترقی کے لئے پرائیویٹ سیکٹرز کی جانب سےبھرپور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،معین الدین

214

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):پاکستان کیچ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل معین الدین نے کہا ہے کہ ملک کھیلوں کی ترقی کے لئے پرائیویٹ سیکٹرز کی جانب سےبھرپور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور پاکستان کیچ بال فیڈریشن ملک میں کیچ بال کے کھیل کو متعارف کرانے کا آغاز تعلیمی اداروں سے کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیچ بال کا کھیل پاکستان میں نیا اور آسان کھیل ہے لیکن کھیلنے کے لئے والی بال کی طرح کھیلا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیچ بال کے کھیل کے فروغ کے لئے تعلیمی اداروں کے سپورٹس ٹیچرز کی خدمات حاصل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں معین الدین نے کہاکہ بین الاقوامی سطح اس کھیل میں نتائج حاصل کرنے کے لئے چار سے پانچ سال لگ سکتے ہیں کیونکہ پاکستان میں یہ نیا کھیل متعارف کروانے جا رہے ہیں اور اس کھیل کو متعارف کروانے کے لئے گراس روٹ سطح پر کیچ بال کی اکیڈمیز قیام کی جائیں گی جس میں کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور پرائیویٹ سیکٹر کو کھیلوں میں آگے آکر کھیلوں کی ترقی کے لئے بھر پور اقدامات کرنے چاہئے تاکہ ملک میں کرکٹ کی طرح دوسرے کھیل بھی ترقی کرسکیں۔