ملکی وقار اور عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بھارت دہشتگردی کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

102

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ ملک کے وقار اور عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بھارت دہشتگردی کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، پاکستان بھارت کو اس کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا، پاکستان کی سیکورٹی فورسز کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک امن پسند قوم ہے اور وہ تمام تصفیہ طلب معاملات اور تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے میں یقین رکھتی ہے، ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے پاکستان جنوبی ایشیا کی اجتماعی بہتری اور خوشحالی کیلئے علاقائی امن اور استحکام کے لئے کوشاں ہے۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ یہ انتہائی مایوس کن صورتحال ہے کہ پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات کا آغاز کرنے سے بھارت مسلسل انکاری ہے اور بھارتی فوج باقاعدگی سے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر جنگ بندی کے معاہدہ کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت پاکستان کے خلاف جھوٹا فلیگ آپریشن کرتا ہے تو اس کو ہر سطح پر بھرپور جواب دیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان عالمی برادری کو پہلے ہی متنبہ کر چکے ہیں کہ ہندوستان اپنے اندرونی بحرانوں سے توجہ ہٹانے کے لئے کسی بھی طرح کی غلطی کا مرتکب ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی ناکامی کی وجہ سے مودی سرکار مایوسی کا شکار ہے اور اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے وہ اس معاملے کو بیرونی شکل دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کے مبصرین کی گاڑی پر فائرنگ کر کے ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔