ممتاز کاروباری شخصیات کو اعزازی سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ قابل تحسین ہے،احسن بختاوری

139
Ahsan Zafar Bakhtawari
Ahsan Zafar Bakhtawari

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے 48ممتاز کاروباری شخصیات کو اعزازی سفیر مقرر کرنے کے فیصلے کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی حکومت کا کاروباری شخصیات کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی کا خیر مقدم کرتی ہے، حکومت ایف بی آر سمیت پالیسی سازی کے دیگر اہم فورمز پر بھی بزنس کمیونٹی کو باقاعدہ نمائندگی دے۔

گزشتہ روز چیمبر ہاؤس میں تاجروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو میں صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بزنس کمیونٹی سب سے بڑی سٹیک ہولڈرہے۔ایسے تمام ممتاز کاروباری افراد جو نہ صرف اربوں روپے ٹیکس کی مد میں حکومتی خزانے میں جمع کراتے ہیں بلکہ لاکھوں افراد کیلئے باعزت روزگار بھی مہیا کر رہے ہیں ،ان کی خدمات کا ریاستی اور حکومتی سطح پر اعتراف ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام کاروباری برادری میں تحفظ کا احساس پیدا کرے گا،حکومت اس فہرست میں مزید اضافہ کرے اور بڑے ٹیکس دہندہ گان کو اس میں شامل کرے۔صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ حکومت سینٹ اور قومی اسمبلی کی تجارت،فنانس سے متعلقۃ قائمہ کمیٹیوں میں بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کو یقینی بنائے تا کہ مشاورتی سطح پر بزنس کمیونٹی کی تجاویز کو شامل کیا جا سکے اور قابل عمل پالیسی سازی ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی بزنس کمیونٹی کو نمائندگی دی جائے،حکومتی اقدامات،ٹیکس نیٹ میں اضافے،نئے ٹیکسوں کے نفاذ،ریکوری جیسے مسائل کو بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر بہترین طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ ملک بھر میں اربوں روپے کے ٹیکس ری فنڈ کے کیسز پھنسے ہوئے ہیں،حکومت متعلقہ چیمبرز کو اعتماد میں لے اور اس مسائل کے حل کیلئے بزنس کمیونٹی کے منتخب نمائندوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔