منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِ اہتمام سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس کا انعقاد

143

لاہور۔25جولائی (اے پی پی):منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِ اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں خواتین مقررین نے سیدہ کے سیرت و کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کا اسوہ دور حاضر کی خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔

وہ تقوی، حق پر ڈٹ جانے اور باطل سے ٹکرانے کے پیغام کی امین ہیں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر سدرہ کرامت نے کہا کہ معرکہ کربلا اپنی فکر، فلسفہ اور اثر انگیزی میں تاریخِ انسانی کا منفرد واقعہ ہے، جس کی کوئی بھی مذہب، تہذیب اور تاریخ مثال دینے سے قاصر ہے۔

سیدہ زینب کی جرات کلام و بیاں، اسیری کے باوجود استقامت و حق گوئی اور حق پرستی فکرِ زینبیت ہے اور کربلا کی تکمیل سیدہ زینب الکبری سے ہے۔ حضرت علی ؓ کی بیٹی نے یزید کی بربریت کو بے نقاب کیا اور پیغام امام حسین ؓکے ابلاغ کا فریضہ سر انجام دیا۔ معروف ماہر تعلیم پروفیسر عارفہ طارق نے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی عظیم شخصیت اور ان کے پاک سیرت و کردار کو آج کی ماں کے لیے رول ماڈل قرار دیا۔

مذہبی سکالر سیدہ امِ فروہ زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا معرکہ کربلا کا وہ عظیم کردار ہیں جنہوں نے نوع انسانی کی تمام تر خواتین کے لیے ہر رشتے اور ہر حیثیت میں ایک عظیم مثال قائم کی۔عائشہ شبیر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی منہاج القرآن کی بیٹیاں زینبی لشکر کی باندیاں بن کر حق کا علم بلند کیے ہوئے ہیں۔

ممبر اتحاد بین المسلمین صباحت رمضان سیالوی نے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے عظیم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سیدہ زینب سیرت و کردار میں سیدہ فاطمة الزہرہؓ ، شجاعت و بہادری میں حضرت علی ؓ اور صبر و رضا میں حضرت امام حسین ؓ کا عکس تھیں۔