موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرکے کیا جا سکتا ہے،زراعت آفیسر

139

مظفرگڑھ۔ 16 اگست (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق مظفرگڑھ کی سب تحصیل رنگپور میں محکمہ زراعت کے سینیئرآفیسر شوکت حسین نے اپنے سٹاف کے ہمراہ پودا لگا کر شجرکاری مہم کاآغاز کر دیا۔سینیئرآفیسر شوکت حسین نے اس موقع پر شہریوں میں بھی مختلف اقسام کے پودے بھی تقسیم کئے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ میاں عثمان علی کی ہدایت پر شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔

انہوں نے شجرکاری کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیاں ہو رہی ہیں اور پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہے،یہاں فصلات پر موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرکے ہی کیا جا سکتا ہے، جب کوئی شخص کوئی پودا لگاتا ہے اور انسان اور پرندے اس کا پھل کھاتے ہیں اس کی چھائوں میں بیٹھتے ہیں تو اس کا اجر عظیم پودا لگانے والے شخص کو ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ درخت لگانا اللہ کے پاک حبیب کی سنت بھی ہے اور صدقہ جاریہ بھی ہے،انہوں نے شہریوں سے شجرکاری مہم میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کم از کم پانچ پودے لگائے۔