سیالکوٹ۔25نومبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت (پی پی )سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا ہے کہ مکئی کی بہترپیدا وارکیلئے کھادوں کا بروقت اورمتوازن ومناسب استعمال ضر وری ہے۔
کاشتکار کھادوں کابروقت و مناسب استعمال کریں اورجب فصل کی اونچائی ایک سے ڈیڑ فٹ تک ہوجائے تو نائٹروجنی کھادکی پہلی قسط ایک بوری یوریا فی ایکڑ اور فصل کی اونچائی اڑھائی سے تین فٹ ہونے پر نائٹروجنی کھادکی دوسری قسط ایک بوری یوریا فی ایکڑ جبکہ پھول آنے سے قبل نائٹروجنی کھادکی آخری قسط ڈیڑھ بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کرنی چاہئیے۔
انہوں نے بتایا کہ مکئی کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے بروقت گوڈی بھی ضروری ہے اسے تیز ہوا یاآندھی میں نقصان نہ پہنچ سکے۔ انہوں نے گوڈی کے ساتھ ساتھ جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے جڑی بوٹی مارسپرے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔