اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کیلئے حکومت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے لیکن حالات کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کا دائرہ کار وسیع کیا جا سکتا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جاتا ہے پھر پوری صورتحال کا جائزہ لے کر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ کورونا وائرس کی ویکسینیشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 10 ملین افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ ان میں 5 لاکھ فرنٹ لائن ورکرز جبکہ 65 سال سے زیادہ عمر کے 95 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ دوسرے مرحلہ میں تمام ہیلتھ ورکرز اور باقی 65 سال سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی دستیابی مرحلہ وار ہو گی اور جیسے جیسے ویکسین ہمارے پاس آئے گی ویسے ہی لوگوں کی ویکسینیشن کی جائے گی۔