میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی محکمہ کی پراپرٹی پر قابضین کے خلاف گرینڈ کارروائی

132
Metropolitan Corporation Quetta
Metropolitan Corporation Quetta

کوئٹہ۔ 16 مارچ (اے پی پی):میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے کارپوریشن کے مالی استحکام بحال کرنے اور قانون کی بالادستی قائم کرنے کے لیے آج ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے کارپوریشن کی میزان مارکیٹ میں قبضہ شدہ تمام دکانیں سیل کر دی اور ایک شخص کو کار سرکار میں مداخلت کرنے پر حراست میں لے لیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اورکمشنر کوئٹہ ڈویژن، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ محمد حمزہ شفقات کے ویژن کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کو مالی طور پر مضبوط بنانےاور بہتر محصول وصولی کے ذریعے کارپوریشن کو خود کفیل بنانے کے حوالے سے اہم کاروائی عمل میں لائی گئی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) اور ضلعی انتظامیہ مجسٹریٹ کی معاونت سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ٹیکس اور اینٹی انکروچمنٹ برانچز نے مشترکہ طور پر کاروائی کی۔ کارروائی کے دوران دکانداروں اور تاجروں کی طرف سے مداخلت کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کار سرکار میں مداخلت پر ایک شخص کو حراست میں بھی لیا جس کے بعد متعلقہ تھانے سے اضافی پولیس فورس بھی طلب کی گئی۔

پانچ سال سے زائد عرصے سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میزان مارکیٹ کے قابضین کی جانب سے کرایہ کی عدم ادائیگی کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا شکار رہی ہے۔ اس صورتحال نے کارپوریشن کے ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر اخراجات پورے کرنے کی صلاحیت کو متاثر کیا ہے، جس سے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بھی رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ حکومتی منظوری کے بعد رینٹ اسسمنٹ کمیٹی نے کرایہ کو موجودہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق ریوائیز کرنے کی سفارش کی تھی جو کہ 2021 میں حکومت کی جانب سے نوٹیفائی کیا جا چکا ہے، تاہم دکانداروں نے تاحال تجدید شدہ کرایہ ادا نہیں کیا ہے، جس سے کارپوریشن کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ قانون کی بالادستی، مالی استحکام، اور عوامی خدمت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور آج کی کارروائی کارپوریشن کی اپنی پراپرٹیز کو بحال کرنے اور اپنے فرائض کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لیے درکاروسائل کو محفوظ بنانے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔