مکہ مکرمہ۔7مارچ (اے پی پی):مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل حرمین ایکسپریس ٹرین کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔عاجل نیوز کے مطابق نائب گورنر نے حرمین ٹرین میں مکہ مکرمہ کے الرصیفہ سٹیشن تک سفر کیا اور اس دوران منصوبے کے ذمہ داران سے ملاقات کر کے عمرہ سیزن کی تیاریوں اور آپریشنل منصوبوں کا جائزہ لیا۔
نائب گورنر مکہ نے ایکسپریس ٹرین کی جانب سے فراہم کئے جانے والے مختلف پروگرامز اور جدید سہولیات پر بھی بریفنگ لی۔ انہوں نے ذمہ داران کے ہمراہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ کے ٹرین سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور عمرہ سیزن کے لیے زائرین کے استقبال اور سٹیشن کی تیاری، ٹرین آپریشن اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل مکہ ریجن میں مختلف حکومتی ادارے عمرہ زائرین کو مناسب سہولیات کی فراہمی کے لیے تیاریوں میں مصروف ہیں۔