اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):نجی شعبے کو بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں مارچ کے دوران سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مارچ کے اختتام تک بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 9443 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سا ل مارچ کے مقابلہ میں 12.3 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سا ل مارچ میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 8406 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔
فروری کے مقابلہ میں مارچ میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 1.5 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ فروری میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 9304 ارب روپے ریکارڈکیاگیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مار چ میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 8248 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 13.5 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سا ل مارچ میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 7267 ارب روپے ریکارڈکیاگیا تھا۔ فروری کے مقابلہ میں مارچ میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضہ جات کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ فروری میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 8087 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583320