نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے ذریعے موجودہ انفراسٹرکچر، رولنگ سٹاک، فیکٹریوں اور ریلوے سٹیشنوں کو بہتر بنایا جائے گا، نگران وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ

88

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے ذریعے موجودہ انفراسٹرکچر، رولنگ سٹاک، فیکٹریوں اور ریلوے سٹیشنوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت ریلوے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں پاکستان ریلوے کے خود انحصاری کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہد اشرف نے کہا کہ پاکستان ریلوے ملک میں ریلوے کی بحالی اور توسیع کے لئے تین جہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس میں حفاظت، کارکردگی اور خود انحصاری شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے اخراجات میں کمی اور اپنی آمدنی میں اضافے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں انتظامی اور آپریشنل شعبوں میں بہتری کا عمل جاری ہے جس سے کارکردگی میں بہتری آنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین کے ذریعے سفر پاکستان کے مختلف خطوں میں رہنے والے لوگوں کو جوڑنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے اور عوام کے لئے آرام دہ سفر کا ترجیحی ذریعہ ہے۔