نو اور دس محرام الحرام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے فیلڈ میں کوشاں ہیں ، ترجمان فیسکو

149

فیصل آباد۔ 16 جولائی (اے پی پی):ترجمان فیسکو نے کہا ہے کہ چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامر کی ہدایت پرفیسکو افسران وسٹاف نو اور دس محرام الحرام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے فیلڈ میں کوشاں ہیں۔فیسکو ریجن کے تمام چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو کا چوکس سٹاف تمام ضروری آلات سے لیس گاڑیوں کے ہمراہ تعزیہ کے جلوسوں کے ساتھ موجود ہے تاکہ کسی بھی مسئلہ یا بجلی بندش کی صورت میں فوری بجلی بحال کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد عامر کی ہدایت پر فیسکو ریجن میں قائم نو شکایات سنٹر میں 24 گھنٹوں عملہ موجود ہے اورصارفین کی طرف سے موصول ہونے والے شکایات کو فوری اٹینڈ کیاجارہا ہے ۔

نیزچیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر فیسکو ہیڈکوارٹرمیں قائم مرکزی کنٹرول سنٹر سے تمام آپریشن کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں جبکہ سینئر افسران بھی ہنگامی ڈیوٹیوں پر موجود ہیں اور بجلی کی بلا تعطل ترسیل کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ڈی اوز اپنے سٹاف کے ہمراہ مختلف امام بارگاہوں،ذوالجناح اور تعزیہ کے روٹس پر موجود ہیں جبکہ اِن روٹس پربجلی کی تاروں اور خراب ٹرانسفارمرز سمیت دیگر مسائل کو پہلے ہی ٹھیک کردیاگیا تھا تاکہ محرم کے ایام میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں نو اور دس محرم کو کہیں بھی مینٹیننس کا کام نہیں کیا جارہا ۔

انہوں نے بتایا کہ ریجن بھرمیں تعزیہ اور ذوالجناح کے تمام روٹس پرکنکشنز اوربے ہنگم تاروں کودرست کیاگیا ہے۔ ایمر جنسی سکواڈ میں شامل ملازمین اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر کے اِ ن کی 24گھنٹے دستیابی کو یقینی بنا یا گیا ہے تاکہ اِن مقدس ایام میں بجلی کے ہنگامی مسائل کو فی الفور حل کیاجا سکے۔ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹرانسفارمرز ٹرالیاں بھی مہیا کی گئی ہیں تاکہ بجلی کی اچانک بندش/ایمرجنسی کی صورت میں یہ ٹرالیاں استعمال کی جا سکیں۔