لاہور۔11جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک میں سیاسی استحکام لائیں گے اس کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، مشکلات کے باوجود آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور پنشروں کو پنشن میں بڑا اضافہ دیا ہے، عمران نیازی کے اکسانے پر پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فوجی تنصیبات پر حملہ کیا گیا، ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ اسی ماہ ہونے کی توقع ہے، اگر یہ معاہدہ نہیں ہوتا تو قوم کے ساتھ مل کر ملک کو ان مشکلات سے نکالیں گے۔
وزیر اعظم نے اتوار کو سبزہ زار سپورٹس کمپلیکس لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اس شاندار سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا،2017 میں لاہور کے 14 حلقوں میں نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لئے سپورٹس کمپلیکس کا منصوبہ شروع کیا،2018 کے بعد دھاندلی کی پیداوار فسطائی حکومت نے ان منصوبوں کو بند کردیا اور اس کے بعد ہمارے نیب کے عقوبت خانوں کے چکر لگنے شروع ہوئے اورپنجاب کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی،کوڑا اٹھانے کے منصوبوں پر جواب طلبی ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ چار سالہ دور تھا جس میں ترقیاتی عمل ٹھپ ہوئے۔ ہم نے نواز شریف کی قیادت میں ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کی۔چین نے نواز شریف پر اعتماد کرتے ہوئے اربوں ڈالر کے منصوبے شروع کئے لیکن وہ تمام منصوبے ختم کردیئے گئے۔ان 14 سپورٹس کمپلیکس میں سے ایک کا افتتاح کردیا، یہ نوجوانوں کے لئے نواز شریف کا بہترین تحفہ ہے۔اس کے نصف ممبران طالب علم ہوں گے جن سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔بچیوں اور بچوں کے لئے الگ الگ کمپلیکس ہیں۔ جہاں یکساں سہولیات ہیں۔50 فیصد ممبر شپ پیڈ ہوگی جس سے حاصل آمدن یہاں سہولیات کی فراہمی اور مشینوں کی مرمت پر صرف ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں بڑے اعلانات کئے گئے ہیں،نوجوانوں کو وظائف، ملازمتوں سمیت زراعت کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لئے اس بجٹ میں خصوصی توجہ دی گئی ۔اپریل 2022 میں جب ہم نے اقتدار سنبھالا تھا تو دنیا میں مہنگائی کا عروج تھا، روس یوکرائن جنگ سے تیل مہنگا ہوا، بدترین سیلاب آیا اپنے وسائل ان کی بحالی پر لگائے۔گ
زشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے کیا معاہدہ توڑا۔ انہوں نے کہا کہ جب کووڈ میں گیس کی قیمتیں کم ترین تھیں اس وقت کی حکومت نے اس جانب توجہ نہیں دی۔اس نے اپنی توانائیاں صرف اس پر صرف کیں کہ کیسے شریف خاندان کو جیل میں بھجوانا اوراپوزیشن کو کیسے دیوار کے ساتھ لگانا ہے ۔اگر وہ اس پر وقت برباد کرنے کی بجائے آدھا وقت بھی قوم کی بہتری پر لگاتے تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ ان مشکل ترین حالات کے باوجود مہنگائی سے نمٹنے کے لئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے۔ ہمیں احساس ہے کہ اس وقت غریب مشکل میں ہے۔تمام مشکلات کے باوجود ایک سے 16 گریڈ تک 35 اور 17 سے 22 تک کے افسران کی تنخواہ میں 30 فیصد اور پنشن میں 17.5 فیصداضافہ کیا ہے۔نواز شریف کی قیادت میں دن رات اس بجٹ پر کام کیا، اتحادی جماعتوں نے اس میں اپنا پورا حصہ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ویں ریویو میں اب کوئی رکاوٹ نہیں ،ہم نے تمام شرائط پوری کردی ہیں تاکہ بقیہ اقساط مل جائیں، میں نے خود آئی ایم ایف کے سربراہ سے بات کی،امید ہے اسی ماہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا۔تاہم اگر اس میں تاخیر ہوئی تو اس پر حکمت عملی بنائیں گے۔قوم کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ افسوسناک ہے۔ماضی میں کبھی سیاسی جماعتوں نے ایسا اقدام نہیں اٹھایا۔عمران نیازی کے اکسانے پریہ فساد برپا کیا۔دشمن بھی 75 سالوں میں پاکستان کے ساتھ ایسا نہیں کرسکا۔
انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزاملے گی تاکہ کوئی دوبارہ ایسی حرکت نہ کرسکے۔کسی بے گناہ کو سزا نہیں ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ہے،نواز شریف کی قیادت میں ہم سب مل کر سیاسی استحکام لائیں گے اور ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہوگا اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔
دورہ کے دوران وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں(لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سبزہ زار اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا۔وزیرِ اعظم نے دورے کے دوران اسپورٹس کمپلیکس میں دی جانے والی مختلف سہولیات کا جائزہ لیا۔
وزیرِاعظم نے عوام کے لیے کھیلوں کی معیاری سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیرِاعظم نے بالخصوص خواتین کے لیےکھیلوں کے علیحدہ انتظامات پر انتظامیہ کی تعریف کی۔وزیرِاعظم کو کمشنر لاہور کی طرف سے لاہور ڈویلپٹ اتھارٹی کے زیر نگرانی سپورٹس کے جاری دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیرِاعظم نے جاری منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کی خصوصی ہدایت کی۔