نواز شریف گزشتہ 40 سال سے اسی نظام کا حصہ رہے ہیں، اب کہاں سے انقلابی آ گئے، نواز شریف میں اگر جرات ہے تو وطن واپس آئیں،وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز

97

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا گوجرانوالہ جلسہ فلاپ شو تھا، یہ لوگ ذاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اسلئے عوام ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے بنائے گئے ایک ٹولے کو سپورٹ نہیں کریں گے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی سمجھتی تھیں کہ اقتدار ان کا پیدائشی حق ہے اور یہ ہمیشہ باریاں لیتی رہیں گی لیکن وزیراعظم عمران خان نے آ کر ان کو اقتدار سے باہر کر دیا ہے اسلئے اب تلملا رہی ہیں، نواز شریف گزشتہ 40 سال سے اسی نظام کا حصہ رہے ہیں، اب کہاں سے انقلابی آ گئے، نواز شریف میں اگر جرات ہے تو وطن واپس آئیں۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب آپ ذاتی ایجنڈا لیکر چلیں گے تو قوم پیچھے نہیں آئے گی، وزیراعظم عمران خان قومی ایجنڈے پر چل رہے ہیں اسلئے پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ گوجرانوالہ ن لیگ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے لیکن 11 جماعتیں مل کر بھی اسٹیڈیم نہ بھر سکیں، جب وضاحت دینی پڑے تو اس کا مطلب ہے کہ کام ٹھیک نہیں ہے، اپوزیشن کا جلسہ دیکھ کر مجھے یقین ہو گیا ہے کہ یہ لوگ سلیکٹڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں منفی اور منافقت کی سیاست کر رہی ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جو ماضی میں ایک دوسرے کو گالیاں دیتے رہے ہیں، ان کے اکٹھ کا بنیادی مقصد ملک میں انتشار اور مایوسی پھیلانا ہے، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی تقاریر میں ملک اور عوام کا کوئی ذکر نہیں تھا، انہوں نے صرف گالم گلوچ کی، وزیراعظم عمران خان نے اچھے طریقے سے اپوزیشن کو جواب دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اچھا نہیں کیا، وہ تحریک کے سربراہ تھے لیکن ان سے خالی کرسیوں سے خطاب کرایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف گزشتہ 40 سال سے اسی نظام کے تحت فائدے اٹھاتے رہے، جب چیزیں ان کی منشا کے مطابق نہیں ہوتیں تو یہ قومی اداروں کے خلاف کھڑے ہو جاتے ہیں، نواز شریف اس ضدی بچے کی طرح ہیں جو نالائق بھی ہے اور کرپٹ بھی، وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ایک نئے عمران خان کو دیکھیں گی۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے بدعنوان قائدین نے اصل جیل دیکھی ہی نہیں، یہ لوگ جیلوں کو فائیوسٹار ہوٹل بنا دیتے ہیں، ان لوگوں کو جو سہولیات ملتی ہیں کیا عام لوگوں کو بھی ملتی ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن منفی سیاست کر رہی ہے، جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت اقتدار میں آئی تو انہوں نے ایک سال تک اسمبلی کی کارروائی کو ہائی جیک کیا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کریں، انہوں نے عوام کے مفاد کے سلسلے میں قانون سازی میں حکومت کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے ملکی معیشت اور ادارے تباہ ہوئے، موجودہ حکومت کیلئے بدعنوان عناصر سے زیادہ عوام اہم ہے اور حکومت انہیں ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ بنا کر بیرون ملک گئے لیکن ابھی تک جواب نہیں دیا کہ بیرون ممالک اثاثے اور جائیدادیں کیسے بنائیں، سابق وزیراعظم میں اگر جرات ہے تو واپس آئیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کو ملک بھر میں جلسے جلوس کرنے کی اجازت دے رکھی ہے، یہ لوگ ذاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اسلئے عوام ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے بنائے گئے ایک ٹولے کو سپورٹ نہیں کریں گے۔