نوشہرہ ورکاں ، پہلے سالانہ امتحان میں 760 امتحانی مراکز پر تقریبا 5 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات شریک ہوں گے

85

نوشہرہ ورکاں ۔ 04 مارچ (اے پی پی):چیئرمین تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانولہ کے زیر اہتمام 4 مارچ سے شروع ہونے والے امتحان سیکنڈری سکول سرٹیفیکیٹ فرسٹ اینول 2025 ء کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

760 امتحانی مراکز پر تقریبا 5 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات شریک ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے ایک پریس بریفنگ میں بتائی ۔انہوں نے کہا کہ حقداران کو ان کا جائز حق دلانے کے لئے امتحانات صاف اور شفاف ماحول میں انعقاد کئے جائیں گے اور امتحانی مراکز کی سخت ترین نگرانی کی جائے گی۔ بوٹی مافیا کے قلع قمع کے لئے تحصیل لیول پر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

امتحانی مراکز کے اردگرد ہر قسم کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو سیکشن 144 کے نفاذ کے لیے کہہ دیا گیا ہے۔ تمام امتحانی مراکز پر پولیس کی تعیناتی کیلئے ریجنل پولیس آفیسر، گوجرانوالہ ریجن اورضلع گوجرانوالہ کے سٹی پولیس آفیسر اور باقی پانچ اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کوکہہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانی نظام کو بہترین طریقہ سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے بورڈ انتظامیہ کی درخواست پر خفیہ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جوکہ امتحانی مراکز کا اچانک معائنہ کریں گی اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کریں گی۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے مزید کہا کہ بورڈ کے سوالیہ پرچہ جات کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تشہیر سختی سے منع ہے خلاف ورزی کی صورت میں متعلقین کیخلاف پولیس ڈیپارٹمنٹ کی معاونت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نوجوان نسل اور طلباء و طالبات ہمارا مستقبل ہیں۔ ہم ان کے بہترین مستقبل کی خاطر تمام اقدامات اٹھا رہے ہیں لہٰذا تمام اساتذہ اکرام اور والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو سمجھائیں کہ بورڈ کے پیپر ایمانداری، لگن اور محنت کے ساتھ تیاری کرکے دیں کسی بھی قسم کے غیر قانونی ذرائع استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی خلاف ورزی کی صورت میں پولیس ڈیپارٹمنٹ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شخص کسی دوسرے کی جگہ پیپر دینے کی کوشش نہ کرے بصورت دیگر اصل اُمیدوار اور جعلساز دونوں کے سرٹیفیکیٹس منسوخ کردیئے جائیں گے اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج کروائیےجائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ بورڈ کے امتحانات کی بنیاد پر ہی ہمارے بچوں کا مستقبل ہے ،ہمیں چاہئے کہ یہ امتحانات انتہائی شفاف انداز میں منعقد کروائیں تاکہ ہمارے بچے اپنی محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھیں کیونکہ آگے چل کران بچوں نے ہی ملک و قوم کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنا ہے۔اس موقع پر کنٹرولرامتحانات پروفیسر محمد نعیم بٹ اور سیکرٹری بورڈ پروفیسر گوہر الطاف بھی ان کے ہمراہ تھے۔