چین کا اپنی مصنوعات پر اضافی 10 فیصد ٹیکس کے امریکی فیصلے کے خلاف جوابی اقدامات کا اعلان

بیجنگ۔4مارچ (اے پی پی):چین نے اپنی مصنوعات پر اضافی 10 فیصد ٹیکس ( ٹیرف)عائد کرنے کے امریکی فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے جوابی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔شنہوا کے مطابق وزارت تجارت کے ترجمان نےمنگل کو اپنے بیان میں کہا کہ چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے جوابی اقدامات کرے گا۔ترجمان نے کہا کہ چین ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں منشیات کے خلاف سخت ترین …

بیجنگ۔4مارچ (اے پی پی):چین نے اپنی مصنوعات پر اضافی 10 فیصد ٹیکس ( ٹیرف)عائد کرنے کے امریکی فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے جوابی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔شنہوا کے مطابق وزارت تجارت کے ترجمان نےمنگل کو اپنے بیان میں کہا کہ چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے جوابی اقدامات کرے گا۔ترجمان نے کہا کہ چین ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں منشیات کے خلاف سخت ترین پالیسیاں نافذ ہیں، اس نے منشیات کے خلاف امریکا کے ساتھ وسیع تر تعاون کیا جس کے نمایاں نتائج حاصل ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے جو کچھ کیا ہے وہ حقائق، بین الاقوامی تجارتی قوانین اور تمام فریقین کی آواز کو نظر انداز کرتے ہوئے یکطرفہ عمل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے چینی مصنوعات پر یکطرفہ محصولات کا نفاذ عالمی تجارتی تنظیم کے قوانین کی خلاف ورزی اور کثیر الجہتی تجارتی نظام کے لیے باعث نقصان ہے۔

چین نے امریکاپر زور دیا کہ وہ دوسرے ممالک کے حقوق اور مفادات کا احترام کرے اور اپنے بے بنیاد یکطرفہ محصولات کے اقدامات فوری واپس لے ،جو دوسروں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ امریکا عقلی انداز میں مسائل کو دیکھ کر انہیں حل کرے گا ۔ واضح رہے کہ امریکا نے اعلان کیا ہے کہ وہ چین سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر 10 فیصد اضافی ٹیکس عائد کرے گا، جو 4 مارچ سے لاگو ہوگا۔ ■