کیبنٹ سے منظوری کے بعد جامعات کی پہلی کمرشل پالیسی لائیں گے، رانا سکندر حیات

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان نے کہا ہے کہ کیبنٹ سے منظوری کے بعد جامعات کی پہلی کمرشل پالیسی لائیں گے اور جامعات کی مالی مشکلات کے ازالے کے لئے امسال فنڈنگ بھی بڑھائیں گے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سکول آف کیمسٹری میں سیور فوڈز کے تعاون سے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاح تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

لاہور۔24اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان نے کہا ہے کہ کیبنٹ سے منظوری کے بعد جامعات کی پہلی کمرشل پالیسی لائیں گے اور جامعات کی مالی مشکلات کے ازالے کے لئے امسال فنڈنگ بھی بڑھائیں گے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سکول آف کیمسٹری میں سیور فوڈز کے تعاون سے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاح تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر محمد علی، سیور فوڈ کے سی ای او محمد نعیم، ڈائریکٹر سکول آف کیمسٹری ڈاکٹرعدیل افضل، ڈائریکٹر سکلز ڈویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹرامتیاز شفیق، اساتذہ و سٹاف نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کا مالی استحکام گزشتہ2 سال میں بہتر ہوا ہے اوریونیورسٹی کی زرعی زمین20 ہزار سے بڑھ کر 3،3 لاکھ پر گئی ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ریونیومیں1200 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد علی کی کاوشوں سے پنجاب یونیورسٹی نے اپنے خسارے پر بڑی حد تک قابو پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرانتہائی قابل شخص ہیں۔انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیوایٹ پارٹنر شپ کے ذریعے فلاحی کاموں کا آغاز احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی طلباء طالبات، اساتذہ اورسٹاف کے لئے ایک بہترین سہولت ہے۔

انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں بہترین ٹیکنالوجی پر مبنی واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب پر سیور فوڈ کا شکریہ اداکیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں اساتذہ، ملازمین، طلبا طالبات کی فلاح و بہبود کے ہر منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ سی ای او سیور فوڈز محمد نعیم نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں طلبا طالبات کے لئے فلاحی کاموں کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی ہماری ہو گی۔