کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی جانب سے بیج-1 ڈسکوز کے ری سٹرکچرنگ پلان کی منظوری

کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے پہلے بیچ میں شامل فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ری سٹرکچرنگ پلان کی منظوری دے دی ہے ۔

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے پہلے بیچ میں شامل فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ری سٹرکچرنگ پلان کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی جانب سے پاور سیکٹر کی وسیع تر اصلاحات کے سلسلے میں ایک اہم قدم ہے جس سے ایسی تقسیم کار کمپنیوں کی بنیاد ڈالی جاسکے جو مالی طور پر پائیدار، پیشہ وارانہ طور پر منظم، ڈیجیٹل طور پر فعال ، گھریلو، کاروباری اور صنعتی صارفین کی خدمت کے لئے بہتر طریقے سے لیس ہوں۔

وزارت نجکاری، نجکاری کمیشن کی جانب سے پیر کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق منظور کردہ منصوبے کے تحت منتخب اثاثہ جات بشمول زمین کے تمام ٹکڑے اور منتخب واجبات بشمول پہلے سے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور ریٹائرمنٹ کے تمام تر واجبات، حکومت پاکستان کی ملکیت میں قائم کی جانے والی کمپنی، سپیشل پرپز وہیکل (ایس پی وی ) میں شامل کئے جائیں گے جبکہ موجودہ ملازمین کی ریٹائرمنٹ سے متعلق تمام معاملات اور واجبات ڈسکوز کے ذمہ رہیں گے، حکومت کے ذمہ قابلِ وصولی واجبات تمام تر بین الحکومتی قابلِ وصولی اور قابلِ ادائیگی واجبات کے فرق سے واضح کئے جائیں گے۔ ت

نظیم نو کا منصوبہ حکومت کے لئے کسی بھی مالی بوجھ سے پاک ہے اور اس کا مقصد حکومت پاکستان کے لئے قدر میں اضافہ کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ لین دین قابل عمل ہو۔حکومت کو ادراک ہے کہ ان اصلاحات کا صارفین، ملازمین، صنعت اور مقامی کمیونٹیز پر براہ راست اثر پڑے گاجبکہ سہولیات کا تسلسل پورے عمل میں سب سے اہم رہے گا۔

ملازمین کے مفادات کا قابل اطلاق قوانین اور لین دین کے طریق کار کے مطابق تحفظ کیا جائے گا جبکہ تمام سٹیک ہولڈرز کو لین دین کے ہر مرحلے کے دوران مناسب طریقے سے آگاہ رکھا جائے گا ۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ صارفین کو پاکستان کے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت تحفظ حاصل رہے گا۔ بجلی کے نرخوں کا تعین نیپرا کے قابل اطلاق عمل اور حکومت کے جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے ہوتا رہے گاجبکہ اصلاحاتی عمل کے ذریعے سے معیار ، کارکردگی اور کسٹمر سروس میں قابل قدر بہتری آئے گی۔

فیسکو، گیپکو اور آئیسکو مشترکہ طور پر بڑے صنعتی، تجارتی اور شہری مراکز میں 14 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرتے ہیں۔ ان کمپنیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا بجلی کے نرخوں کو کم کرنے اور پاکستان کی معیشت میں بجلی کی بہتر مسابقتی قیمت پر فراہمی کے لئے اہم ہے۔ ری سٹرکچرنگ پلان کی منظوری، روایتی رکاوٹوں کے انتظام سے ہٹ کر مستقبل کے لئے جدید، جوابدہ اور صارفین سے وابستہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب ایک فیصلہ کن پیش رفت ہے۔