وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال سے وزیر خزانہ کے مشیر عدنان پاشا کی ملاقات،نیوٹریشن اور سٹنٹنگ سے متعلق نئے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر عدنان پاشا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران عدنان پاشا نے نیوٹریشن اور سٹنٹنگ سے متعلق نئے منصوبے کے حوالے سے وفاقی وزیر صحت کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر عدنان پاشا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران عدنان پاشا نے نیوٹریشن اور سٹنٹنگ سے متعلق نئے منصوبے کے حوالے سے وفاقی وزیر صحت کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت براہ راست غذائیت سے جڑی ہوئی ہے، غذائی قلت پر قابو پائے بغیر صحت کے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 11 ہزار مائیں زچگی کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں جبکہ بچوں میں غذائی قلت کے باعث تقریباً 43 فیصد بچے سٹنٹنگ کا شکار ہیں۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ماں کی مناسب غذائیت صحت مند بچے کی بنیاد ہے جبکہ صحت مند بچے ہی صحت مند اور مضبوط معاشرے کی بنیاد بنتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ غذائی قلت پر قابو پانے، سٹنٹنگ کی شرح کم کرنے اور ماں و بچے کی صحت کے اشاریوں میں بہتری کے لیے قابل عمل سفارشات اور مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے۔انہوں نے کہا کہ غذائیت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان موثر رابطہ اور مربوط اقدامات ضروری ہیں تاکہ ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے پائیدار بہتری لائی جا سکے۔