نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کاپی آئی سی اورسروسز ہسپتال کا دورہ، 31 جنوری سے قبل سروسز ہسپتال کی اپ گریڈیشن مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن

146
Mohsin Naqvi

لاہور۔9جنوری (اے پی پی):عوامی خدمت کا نان سٹاپ مشن جاری ہے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پی آئی سی اور سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور3 گھنٹے تک پی آئی سی کی نئی ایمرجنسی اور سروسز ہسپتال کے اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے نئی ایمرجنسی میں مریضوں کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے پوچھا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے مریضوں سے مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے دریافت کیا۔مریضوں نے علاج معالجے اور مفت ادویات و ٹیسٹ کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پی آئی سی کی نئی ایمرجنسی میں ٹائلز کی صفائی نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر لاہور کو ٹائلز کی مستقل صفائی کرانے کے لئے انتظامات کی ہدایت کی اور کہا کہ نئی ایمرجنسی کی مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیر اعلی نے سروسز ہسپتال میں اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور31 جنوری سے قبل گراونڈ فلور کی اپ گریڈیشن مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔وزیر اعلی نے تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران فرش پر لگائی ٹائلز کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور سروسز ہسپتال کی عمارت کے فرنٹ کا بھی معائنہ کیا اور معیاری کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت بارے بریفنگ دی۔انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور،کمشنر لاہورڈویژن،سیکرٹری وزیر اعلی کوآرڈینیشن،ایم ایس ہسپتال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔