نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی آمد،انٹرنیشنل سائنٹفک کانفرنس کا افتتاح کیا

120
وزیراعلی پنجاب کی صوبائی الیکشن کمشنرسے ملاقات، پرامن ماحول میں عام انتخابات کیلئے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار
وزیراعلی پنجاب کی صوبائی الیکشن کمشنرسے ملاقات، پرامن ماحول میں عام انتخابات کیلئے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار

لاہور۔15دسمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میو ہسپتال کا سرجیکل ٹاور پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود سے منسوب کرنے اور ڈیڑھ ارب روپے سے بلڈنگ بنوانے والے ڈاکٹر مقبول احمد کے لئے سول ایوراڈ کی سفارش کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں 43 ویں سالانہ 5 روزہ انٹرنیشنل سائنٹفک کانفرنس کا بطور مہمان خصوصی افتتاح کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے طلبہ اور اساتذہ کے اسٹالزکا دورہ کیا اورڈاکٹر ز کا تیار کردہ دماغ میں رسولی کی نشاندہی کرنے والا برین ٹیومر ڈیٹیکٹر او سی ٹی پائی تھون کا معائنہ کیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ کے ڈاکٹرز کا تیار کردہ لیپروسکوپی سٹملیٹر اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں تیار کردہ ہوم ڈائلسز مشین بھی دیکھی۔ وزیر اعلی نے پلاسٹک سرجری کے لئے مقامی طور پر تیارکردہ سرجیکل انسٹرومنٹ کا بھی معائنہ کیا اور شاٹیکا پین کے لئے تیار کردہ خصوصی مشین کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے بیرون ملک فارغ التحصیل ڈاکٹرز نے میڈیکل کالج اور ہسپتال کے لئے ہزاروں ڈالر کے عطیات پیش کئے۔

کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے لئے ڈونیشن دینے والے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو شیلڈز بھی دی گئیں۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے طلبہ اور فیکلٹی کی طرف سے وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 43 ویں سالانہ 5روزہ انٹرنیشنل سائنٹفک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ز کا پروفیشن عبادت کے مترادف ہے جتنی بھی قدر کی جائے کم ہے۔ دن رات کام کرنے والے ڈاکٹر، نرسیں اور پیرا میڈیکل سٹاف قابل تحسین ہیں۔ ڈاکٹر کو بیماری لگنے کا علم ہونے کے باوجود مریض کا علاج کرتا ہے۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں کانگو وائرس سے ڈاکٹر شہید ہوئے ہیں کیونکہ وہ مریضوں کا علاج کر رہے تھے۔ ڈاکٹرز جان کی پرواہ کے بغیر روزانہ ہزاروں قسم کے مریضوں کا علاج کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 31جنوری تک ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن مکمل کرلیں گے۔ تمام بڑے ہسپتالوں کی حالت بہترین کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ جنرل، سروسز، وکٹوریہ، ہولی فیملی اور دیگر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن میو ہسپتال کی طرز کی جارہی ہے۔ ہم مجموعی طور پر ہسپتالوں کے 6 لاکھ مربع فٹ ایریا پر اپ گریڈیشن کا کام کررہے ہیں۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ طلبہ کے ہاسٹل کی بری حالت تھی انہیں بھی اپ گریڈ کررہے ہیں، کام شروع ہوگیا ہے۔ نرسز کے ہاسٹل کی بری حالت تھی وہ بھی اپ گریڈ کرنے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر اونر شپ نہیں لیں گے تو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ ضائع جائیں گے۔ ہسپتال اور میڈیکل کالج ری و مپنگ ہو رہے ہیں اسے برقرار ڈاکٹر ہی رکھ سکتے ہیں۔ اگر ڈاکٹر اونر شپ لیں گے تو یونیورسٹی اور ہسپتال سالوں اچھی حالت میں رہیں گے۔ہسپتالوں کی تزئین و آرائش اور تعمیر و مرمت کے لئے کام کررہے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ہمارا فرض ہے ہم پورا کررہے ہیں۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ پاکستان کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے۔ کنگ ایڈورڈ سے منسلک ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جائے گا۔ ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملہ دن رات لوگوں کے لئے کام کرتے ہیں۔ کنگ ایڈورڈ سے منسلک تمام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے، ایک دو ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر فیصل خالد مسعود گوندل، دیگر وائس چانسلر، سیکرٹری ہیلتھ، دیگر ڈاکٹر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔