نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سےسعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح کی ورچوئل ملاقات

131

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):نگران وزیر خزانہ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر سےسعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے ورچوئل ملاقات کی اور باہمی دلچسپی اور تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے نگران حکومت کی جانب سے مالی استحکام لانے کے لئے اقدامات پر روشنی ڈالی اور بتایاکہ پاکستان نے بین الاقوامی منڈی میں دوطرفہ اور کثیر جہتی ڈونرز کا اعتماد بڑھا کر میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا ہے اور منفی رجحان کا خاتمہ کیا ہے۔

وزیر خزانہ نے ایس آئی ایف سی کی کاوشوں کو سراہا جس نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور منصوبوں پر عملدرآمد کو کامیاب بنایا ہے۔ سعودی سوورین ویلتھ فنڈنے سعودی عرب میں مالیاتی عروج حاصل کیا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان سوورین ویلتھ فنڈ کی ترقی کے لئے بہترین طریقوں سے سیکھنا چاہتا ہے، جسے مالی مشکلات میں حکومتی اثاثوں کی نجکاری کا کام سونپا گیا تھا۔

پاکستان میں مالیاتی استحکام لانے کے لئے نگران حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خالد الفالح نے کہاکہ حکومت کی منتقلی کے دوران منصوبوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے ایس آئی ایف سی کا وجود اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ان کے درمیان مضبوط تعاون ہے جس میں مستقبل میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے سوورین ویلتھ فنڈز کے درمیان ربط پیدا کرنے کا وعدہ کیا۔ آخر میں وزیر خزانہ نے مملکت سعودی عرب کی پاکستان کو مسلسل حمایت کو سراہا۔