اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حکومت کی جانب سے کپاس کی مقرر کردہ قیمت سے کم پر خرید کا نوٹس لیتے ہوئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو سپورٹ کرنے کے لئے کپاس کا کم سے کم نرخ مقرر کیا تھا لیکن دیکھا جا رہا ہے کہ بعض جگہ کپاس اس سے بھی کم قیمت پر خریدی جا رہی ہے
ملک میں کپاس کی فصل اچھی ہونا خوش آئند ہے لیکن اس کاتمام تر فائدہ کسان تک پہنچنا چاہیے۔وزیراعظم نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو نوٹس لینے اور فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی واضح ہدایت ہے کہ کپاس کی خرید حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمت پر ہی ہو تا کہ کسان کو نقصان سے بچایا جا سکے۔