نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی سیلاب کے ممکنہ علاقوں میں ایمرجنسی عملہ و مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت

135
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی سیلاب کے ممکنہ علاقوں میں ایمرجنسی عملہ و مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے مختلف موسمیاتی ماڈلز کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پردرمیانے درجے کا سیلاب کا امکان ظاہر کیا ہے جس سے ملحقہ نشیبی علاقے ممکنہ اثرات کے زیرِ اثر آسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہوا، آندھی گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔بلوچستان میں بارکھان، لورالائی قلات، خضدار، ژوب، لسبیلہ آواران، موسیٰ خیل، خیبر پختونخواہ میں گلیات چترال،سوات،مانسہرہ کوہستان،ایبٹ آباد، ہری پور پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ کرم، بنوں،لکی مروت،کوہاٹ ڈی آئی خان،کرک، وزیرستان، پنجاب میں مری، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہائو الدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، اوکاڑہ، قصور، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سندھ میں سکھر، جیکب آباد، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپورخاص، گلگت بلتستان میں دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت گھانچے، شگر، آزاد کشمیر میں نیلم، مظفرآباد پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں تیز ہوا، آندھی گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اس صورتحال میں نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ کا خدشہ ہے۔ تیز آندھی و گرج چمک سے کمزور اور خستہ حال بجلی کے کھمبوں، سولر پینل، بل بورڈز، اونچے درختوں یا زیر تعمیر عمارتی ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس ضمن میں جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شہری و ضلعی انتظامیہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں ایمرجنسی عملہ و مشینری بشمول ڈی واٹرنگ پمپس کی فراہمی یقینی بنائیں. انتظامیہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انڈر پاس اور نشیبی سڑکوں سے نکاسی آب آپریشن کے دوران متبادل ٹریفک پلان کو یقینی بنائے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اسٹاک ٹیکنگ کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کی انتظامیہ 20 جولائی تک متوقع امکانات کے حوالے سے حساس علاقوں بالخصوص دریائے چناب پر تریموں اور دریائے راوی پر جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب دریائے چناب، راوی، ستلج اور اس سے منسلک نالوں کے گرد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو بروقت اطلاع دیتے ہوئے انخلاء کو یقینی بنائے۔ ریسکیو سروسز، افواج پاک، متعلقہ علاقوں میں متحرک این جی اوز ایمرجنسی عملہ/مشینری اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو یقینی بنانے کیلئے تیار رہیں۔