بنگلور۔20اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 62 رنز سے شکست دے دی، کینگروز کے 368 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم45.3 اوورز میں 305 رنز پر آئوٹ ہوگئی، آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے شاندار سنچریاں سکور کرکے پہلی وکٹ کی شراکت میں 259 رنز کی تاریخ ساز پارٹنر شپ قائم کی، ایڈم زمپا نے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، ڈیوڈ وارنر کو 163 رنز کی اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گا۔
جمعہ کو ایم چنا سوامی سٹیڈیم بنگلور میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 18ویں میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔ آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے، آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پاکستانی بائولرز کی خوب درگت بنائی اور گرائونڈ کے چاروں طرف خوبصورت سٹروکس کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 259 رنز بنائے۔
ڈیوڈ وارنر نے 124 بالوں پر 163 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جس میں 9 چھکے اور 14 چوکے شامل ہیں، مچل مارش نے 9 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 108 بالوں پر 121 رنز بنائے۔ ان دونوں بیٹرز کے علاوہ آسٹریلیا کا دیگر کوئی بلے باز نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ گلین میکسویل صفر، سٹیون سمتھ 7، مارکس سٹوئنس 21، جوش انگلس 13، مارنس لبوشین 8، مچل سٹارک 2 اور جوش ہیزلووڈ صفر پر آئوٹ ہوئے، کپتان پیٹ کمنز 6 اور ایڈم زمپا ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے54 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، حارث رئوف 3 اور اسامہ میر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلیا کے 368 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 45.3 اوورز میں 305 رنز پر آئوٹ ہوگئی، پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 134 رنز بنا کر اننگز کا پراعتماد آغاز کیا۔ عبداللہ شفیق 61 بالوں پر 64 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں دو چھکے اور سات چوکے شامل ہیں۔
عبداللہ کے آئوٹ ہونے کے بعد کپتان بابراعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 154 کے مجموعی سکور پر امام الحق 71 بالوں پر 70 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، پاکستان کی 175 رنز پر تیسری وکٹ گر گئی جب کپتان بابراعظم صرف 18 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوگئے۔
اس کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا اور مجموعی سکور کو 232 تک پہنچا دیا، پاکستان کے چوتھے آئوٹ ہونے والے بلے باز سعود شکیل 30 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی پانچویں وکٹ 269 رنز پر گری جب افتخار احمد 26 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، 274 کے مجموعی سکور پر محمد رضوان 46 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد دیگر بلے باز وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع رہا، اسامہ میر صفر، حسن علی 8 اور شاہین شاہ آفریدی 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی طرف سے لیگ سپنر ایڈم زمپا نے 4 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، مارکس سٹوئنس اور پیٹ کمنز نے دو دو، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو شاندار سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے بعد آسٹریلوی ٹیم ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگئی ہے جبکہ پاکستان ٹیم پانچویں نمبر پر چلی گئی ہے۔